حکمران اور عوام فرقہ بندیوں کی وجہ سے آپس میں لڑ رہے ہیں جس کا
فائدہ دشمن کو ہو گا
فحاشی، عریانی اور بے حیائی کو فروغ دے کر دین کی بنیادوں کو کھوکھلا کیا جا رہا ہے
تحریک منہاج القرآن کے صاحبزادہ علامہ فیض الرحمان درانی نے کہا ہے کہ امت کی زبوں حالی پر ہر مسلمان پریشان اور دل گرفتہ ہے۔ امت مسلمہ کا یہ زوال امت کے باہمی انتشار و افتراق کا شکار ہونے اور عالمی سطح پر صالح و باکردار قیادت سے محرومی کا نتیجہ ہے۔ آج امت کے زوال کو عروج میں بدلنے کیلئے موثر کاوش نہیں ہورہی اور امت بھی باہمی انتشار اور گروہ بندیوں کا شکار ہے۔ جس کی بناء پر اغیار کو مسلمانوں پر انتہا پسندی اور دہشت گردی کے الزامات لگانے کی جرأت ہورہی ہے۔ مسلمان ملکوں کے حکمران اور عوام فرقہ بندیوں کی وجہ سے آپس میں لڑ رہے ہیں جس کا فائدہ دشمن کو ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن لاہور میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اغیار سے تو خیر کی توقع رکھنا فضول تھی ہی مگر دکھ کی بات یہ ہے کہ آج کے نام نہاد مسلمان بھی اسلام کو بد نام کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ فحاشی، عریانی اور بے حیائی کو فروغ دے کر دین کی بنیادوں کو کھوکھلا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اسلام کو اندرونی اور بیرونی دونوں دشمنوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام نے ہر مو قع پر امت کی رہنمائی کا فریضہ سر انجام دیاہے۔ باہمی فر قہ بندی، تفر قہ پروری اور تنگ نظری سے بالا تر ہوکر امت کے اتحاد اور اتفاق کی کو شش کرنامو جودہ دور کی ضرورت بن چکا ہے۔ انہوں نے علماء کرام پر زور دیاکہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں دین کی سر بلندی کیلئے صر ف کریں تاکہ امت زبوں حالی کی کیفیت سے نکل سکے۔
تبصرہ