صرف دعوے کئے جا رہے ہیں توانائی بحران کے حل کیلئے کوئی واضح پالیسی سامنے نہیں آ سکی
حالات کو بدلنے کیلئے 98 فی صد عوام کو پاکستان عوامی تحریک کے تبدیلی کے عمل میں شریک ہونا ہو گا
پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چوہدری افضل گجر کی عوامی تاجر اتحاد لاہور کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو
پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چودھری افضل گجر نے کہا ہے کہ عوام دہشت گردی، مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ سے بے حال ہیں جبکہ حکمران عوامی مسائل سے بے خبر وزارتیں بانٹنے میں مصروف ہیں۔ ماضی کی حکومتوں نے ڈیمز کے مسئلے کو حل کرنے کی بجائے اسے سیاسی ضرورت کیلئے استعمال کیا اور اب بھی صرف دعوے کئے جا رہے ہیں جبکہ توانائی بحران کے حل کیلئے کوئی واضح پالیسی اب تک سامنے نہیں آ سکی جس سے ثابت ہوتا ہے کہ عوامی مسائل کو حل کرنا کسی کی ترجیحات میں شامل نہیں ہے۔ چھوٹے ڈیمز کی تعمیر فوری طور پر شروع کر دی جائے تو نہ صرف توانائی بحران بلکہ زرعی بحران پر بھی قابو پایا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی تاجر اتحاد لاہور کے تاجروں کے وفد سے پاکستان عوامی تحریک کے ضلعی آفس ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں عوامی تاجر اتحاد لاہور کے صدر حاجی اسحاق اور سیکرٹری جنرل حافظ غلام فرید بھی شریک تھے۔ تاجروں نے توانائی بحران سے پیدا ہونیوالی مشکلات کے بارے میں پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چوہدری افضل گجر کو آگاہ کیا۔ چودھری افضل گجرنے کہا کہ پچھلے 66 سالوں سے ملک و قوم کی تقدیر پر قابض 2 فی صد طبقے کے مفادات ایک ہی ہیں مگر انہوں نے مختلف پارٹیوں کے ماسک چڑھا رکھے ہیں، گھسے پٹے نظام انتخاب اور ان نا م نہاد پارٹیوں کا چولی دامن کا ساتھ ہے جو عوام کے سامنے بے نقاب ہو چُکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ حالات کو بدلنے کیلئے 98 فی صد عوام کو پاکستان عوامی تحریک کے تبدیلی کے عمل میں شریک ہونا ہو گا تا کہ کرپٹ انتخابی و سیاسی نظام کا خاتمہ ہو سکے۔
تبصرہ