ضروریات زندگی کی اشیاء مہنگی اوربجلی کی عدم دستیابی عوام سے جینے کا بنیادی حق چھین رہی ہیں
عوام کو سستا انصاف، کم قیمت اشیائے ضروریات، روز گار، امن و امان اور یکساں حقوق چاہئیں
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ ضروریات زندگی کی اشیاء مہنگی اوربجلی کی عدم دستیابی عوام سے جینے کا بنیادی حق چھین رہی ہیں، بدامنی، دہشت گردی سے جنم لینے والا خوف و ہراس عوام کی مشکلات میں اضافہ کررہا ہے۔ عوام اپنی داستان غم کسے سنائیں ؟عوام کب تک خاموش اور حکومت کی طفل تسلیاں قبول کرتی رہے گی ؟ ضروری ہے کہ امن، انصاف، روزگار اور برابری کے اصولوں کو لاگو کیا جائے۔ دہشت گردی اور بد امنی کو حکمت و بصیرت اور جرات سے کنٹرول کیا جائے، مہنگائی کے طوفان کے آگے بند باندھا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں پاکستان عوامی تحریک پنجاب کی ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر پاکستان عوامی تحریک پنجاب بشارت عزیز جسپال، عاقل ملک، ساجد بھٹی، جواد حامد اور تنویر اعظم سندھو بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ ضروریات زندگی کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر نا قابل برداشت معاشی بوجھ بڑھا رہا ہے۔ غیروں کی مداخلت ملک و قوم کے لیے پریشانیاں بڑھا رہی ہیں، خود اعتمادی اور خود انحصاری داؤ پر لگی ہوئی ہے۔ فیصلے خود آپس میں مل کرکرنے چاہیے مگر افسوس ہم آپس میں ایک دوسرے پر الزام لگانے کے سوا کچھ نہیں کررہے۔ قوم کو اتحاد کی ضرورت ہے مگر ہم بحثیت قوم یہ راستہ چھوڑے ہوئے ہیں۔ خرم نواز گنڈا پورنے کہا کہ ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ کسی بڑے المیے سے کم نہیں، جس کی ذمہ دار حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ماہ بجلی کی قیمتیں بڑھانا معمول بنا لیا گیا ہے اس ساری صورت حال پر عوام کی قوت برداشت جواب دے گئی ہے۔ عوام حکومت سے مایوس ہورہے ہیں۔ عوام کو سستا انصاف، کم قیمت اشیائے ضروریات، وسیع روز گار، امن و امان، پر سکوں ماحول اور یکساں حقوق چاہئیں۔
تبصرہ