سیلاب متاثرین کی فوری بحالی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی پہلی
ترجیح ہے
حکومتوں کے آنے جانے کے مراحل تو طے ہوتے رہے مگر حفاظتی اقدامات کے حوالے سے مستقل
منصوبہ بندی نہ کی جا سکی
تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ متاثرین سیلاب کی امداد اور بحالی کیلئے امدادی کارروائیاں تیز کریں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رضا کار متاثرین کی بحالی کیلئے کوئی کسر نہ اٹھارکھیں۔ تحریک منہاج القرآن مشکل کی اس گھڑی میں اپنے متاثرہ ہم وطن بہن بھائیوں کے ساتھ ہے۔ سیلاب متاثرین کی فوری بحالی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی پہلی ترجیح ہے۔ ساری قوم نے متحد ہو کر قدرتی آفات کا مقابلہ کرنا ہے۔ وہ گذشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے تشکیل دی گئی فلڈ ریلیف کمیٹیوں کے سربراہان سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ، خرم شہزاد، احمد معین، ساجد محمود بھٹی، ارشاد طاہراور دیگر بھی موجود تھے۔
شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ شدید بارشوں کواچانک رونما ہونے والی آفت قراردینا درست نہیں کیونکہ بارشوں کایہ سلسلہ ایک عرصہ سے جاری ہے۔ بدقسمتی سے ہماری حکومتوں اور حکمرانوں نے موسمی تبدیلیوں کے ریکارڈ سے حسب روایت چشم پوشی کا وطیرہ اختیار کر رکھا ہے اور ارباب اختیار نے ان قدرتی آفات کے تدارک کیلئے نہ تو حفاظتی اقدامات کئے ہیں اور نہ ہی سیلاب کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتوں کے آنے جانے کے مراحل تو طے ہوتے رہے مگر حفاظتی اقدامات کے حوالے سے مستقل منصوبہ بندی نہ کی جا سکی۔ متاثرین کی امداد کیلئے عملی اقدامات کی بجائے معاملات محض سیاست چمکانے تک محدود رہے۔
شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ متاثرین کی بحالی کیلئے امدادی اقدامات کی رفتار تیز کی جائے تاکہ اجڑے ہوئے لوگوں کو دوبارہ آباد کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی خصوصی ہدایت پر متاثرین سیلاب کی مکمل بحالی تک ہمارے فلاحی منصوبہ جات جاری رہیں گے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رضا کارخود کو متاثرین سیلاب کی خدمت کیلئے وقف کر دیں۔
انہوں نے کہا کہ سماجی حلقے سرکاری مشینری پر انحصار نہ کریں بلکہ خود میدان عمل میں آئیں تا کہ مصیبت زدہ خاندانوں اور بچوں کو جلد از جلد نارمل زندگی کی طرف لوٹایا جا سکے۔ انہوں نے مخیر حضرات اور عوام سے اپیل کی کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں دل کھول کر عطیات دیں تا کہ مصیبت زدہ خاندانوں اور بچوں کو جلد از جلد نارمل زندگی کی طرف لوٹایاجا سکے۔
تبصرہ