پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت عزیز جسپال نے کہا ہے کہ خود کش حملے، لاقانونیت، فرقہ واریت، سیاسی جھگڑے اور کرپشن، ملک پاکستان اس وقت بے شمار اذیتوں سے گذر رہا ہے، اگر کہیں کچھ سکون تھا تو وہ سیلاب کی شکل میں آنیوالی قدرتی آفت نے چھین لیا ہے۔ ملک کی عوام کو ہر کروٹ پریشانیوں اور دکھوں کا سامنا ہے۔ وہ گذشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں عوامی تاجر اتحاد کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر چودہری افضل گجر، حافظ غلام فرید، حاجی اسحاق اور الطاف رندھاوا بھی موجود تھے۔
انہوں نے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس ظالمانہ نظام انتخاب کی وجہ سے ملک میں غربت اور مہنگائی کے سونامی روز کا معمول بن چکے ہیں۔ کسی بھی چیز کی قیمت چند گھنٹوں سے زیادہ برقرار نہیں رہتی، پورے ملک میں اضطراب اور بے چینی میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے تسلسل نے ملک کی معیشت کو لاغر کر دیا ہے۔ غریب آدمی کی آنکھیں ان کربنا ک حالات کو دیکھ کر پتھرائی ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عملی طور پر اپنے حکومتی اخراجات میں کمی کریں اور وزراء کی بڑھتی ہوئی فوج پر بھی غور کریں۔ بشارت عزیز جسپال نے کہا کہ حکومت اور عوام دونوں معاشرتی سطح پر فضول رسومات کا خاتمہ کریں جن پر کروڑوں خرچ کر دئیے جاتے ہیں اوریہی رقم عوام کی فلاح و بہبود اور متاثرین سیلاب کی امداد پر خرچ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی کرپشن کا خاتمہ اور ملک کو مستحکم کرنے کیلئے فرسودہ نظام انتخاب سے چھٹکارا حاصل کرنا ہو گا تا کہ میرٹ پر قابل لوگ آگے آ سکیں اور ملک حقیقی جمہوریت اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔
تبصرہ