متاثرین سیلاب کی امداد کیلئے متاثرہ علاقوں میں امدادی زون بنائے
جائیں گے
پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخواہ اور سندھ کے کئی دیہات اور بستیاں پانی میں ڈوب چکی
ہیں
وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو بیانات دینے کی بجائے عملی اور راست اقدامات کرنا ہو نگے
مخیر حضرات اور سول سوسائٹی مصیبت کی گھڑی میں سیلاب سے متاثرہ ہم وطنوں کیلئے دل کھول
کر مدد کریں
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت کی روایت کو قائم رکھتے ہوئے حالیہ سیلاب کے نتیجے میں ہونیوالی تباہی و بربادی کے ازالہ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھائے گی۔ پورے ملک میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کے حوالے سے بڑے پیمانے پر لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ متاثرین سیلاب کی امداد کیلئے متاثرہ علاقوں میں امدادی زون بنائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر سید امجد شاہ نے مرکزی سیکرٹریٹ میں حالیہ سیلاب کے حوالے سے منعقدہ ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر احمد معین، میاں افتخار، خرم شہزاد اور میاں طاہر یعقوب بھی موجود تھے۔
سید امجد شاہ نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب کے باعث پاکستانی عوام کو ہر سال تباہی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بارش رحمت خداوندی ہے لیکن حکومتوں کی ناقص حکمت عملی اور بد انتظامی کے باعث یہ رحمت اہل وطن کے لئے باعث زحمت بن جاتی ہے اس پر حکومتی اداروں کی غفلت اور لاپروائی جلتی پر تیل چھڑکنے کا کام کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں نے ملک کے بڑے شہروں بالخصوص کراچی میں انفراسٹرکچر تباہ کر دیا ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ہنگامی بنیادوں پر فوری طور پر متاثرین سیلاب کی بحالی کیلئے اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی، لاہور، ڈیرہ غازی خان کے کئی علاقوں میں پانی کھڑا ہے جبکہ پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخواہ اور سندھ کے کئی دیہات اور بستیاں پانی میں ڈوب چکی ہیں اور متاثرین کھلے آسمان تلے پڑے ہیں جبکہ حکومت کے اقدامات صفر ہیں۔
امجد شاہ نے کہا کہ اپنے حقیقی فرائض سے چشم پوشی سیلاب سے ہونے والے نقصانات کو کئی گنا بڑھا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو فوری طورپرحرکت میں آ کر بیانات دینے کی بجائے عملی اور راست اقدامات کرنا ہو نگے تا کہ بارش اور سیلاب کے متاثرین کی داد رسی ہو سکے۔ انہوں نے مخیر حضرات اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ مصیبت کی اس گھڑی میں سیلاب سے متاثرہ ہم وطنوں کیلئے دل کھول کر مدد کریں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن مصیبت زدہ بھائیوں کی بحالی اور متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو تک امدادی کام جاری رکھے گی۔
تبصرہ