حقیقی آزادی سے محروم ہیں، مقتدر طبقات وطن عزیز کے وجود کو اپنے ذاتی مفادات کیلئے کھوکھلا کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

نام نہاد جمہوریت کے لبادے میں نا اہل سیاستدانوں کی وجہ سے نظریہ پاکستان پر حملے ہو رہے ہیں
لوٹ کھسوٹ اورکرپشن کو تحفظ دینے والا انتخابی نظام عوام کی خوشحالی اور ترقی کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے۔ شیخ زاہد فیاض
ڈاکٹر طاہر القادری کی نظام کے خلاف جدوجہد مستقبل میں پاکستان میں حقیقی جمہوریت اور خوشحالی کا باعث ہو گی
پاکستان عوامی تحریک کے تحت منعقدہ سیمینار سے قائدین کا خطاب

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ مملکت خداداد پاکستان مسلمانان برصغیر کی عظیم جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا۔ حکیم الامت علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے خواب کی تعبیر، قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ نے ایک آزاد اورخودمختار، پاکستان کی شکل میں ہمیں عطا کی۔ پاکستان ایک آزاد، خودمختار، مستحکم، اسلامی، فلاحی ریاست کے قیام کیلئے بنا یا گیا تھا۔ لیکن آج ہم کہاں کھڑے ہیں ؟ ہم تکمیل پاکستان کی جدوجہد سے تحفظ پاکستان تک اس لئے آ گئے ہیں کہ نظریہ پاکستان کی روح کمزور ترین ہو گئی ہے۔ دہشت گردی، انتہا پسندی اور نام نہاد جمہوریت کے لبادے میں نا اہل سیاستدانوں کی وجہ سے پچھلی کئی دہائیوں سے نظریہ پاکستان پر حملے ہو رہے ہیں۔ وہ گذشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں جشن آزادی کے حوالے سے پاکستان عوامی تحریک کے تحت منعقدہ سیمینارسے خطاب کر رہے تھے۔ تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، خرم نواز گنڈا پور، بشارت عزیز جسپال، جی ایم ملک، جواد امد، قاضی فیض الاسلام اور پاکستان عوامی تحریک کے دیگر ضلعی و صوبائی اور مرکزی قائدین کے علاوہ سینکڑوں کارکن بھی اس موقع پر موجود تھے۔ جنہوں نے ہاتھوں میں پاکستان کے قومی پرچم کی جھنڈیاں اٹھا رکھی تھیں۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ 67سال سے ہم حقیقی آزادی سے محروم ہیں اور مقتدر طبقات وطن عزیز کے وجود کو اپنے ذاتی مفادات کیلئے کھوکھلا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپس میں تفریق کے سوالات کو ختم کر کے شعور، بصیرت اور تحریک پاکستان والے جذبہ حب الوطنی کو بیدار کرنا ہو گا تا کہ ہم موجودہ مسائل سے نجات پا سکیں۔ ساری قوم کو ذاتی، خاندانی اور جماعتی مفادات ملک پر قربان کرنا ہونگے تا کہ ملک کو ایک بار پھر 1947والا پاکستان بنا سکیں۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ پاکستان کے قیام کا مقصد صرف علیحدہ ریاست حاصل کرنا نہ تھا بلکہ ایک ایسا آزاد اور خود مختار ملک حاصل کرنا تھا جس میں مسلمان اپنے عقائد کے مطابق اندرونی و بیرونی دباؤ سے آزاد ہو کر عمل کر سکیں۔ انصاف اور مساوات کے اصول قائم ہوں اور سب کو بلا تفریق بنیادی حقوق انکی دیلیز پر پہنچائے جائیں۔ لیکن افسوس ہم نے قیام پاکستان کی حقیقت کو فراموش کر کے بانی پاکستان اور تحریک پاکستان میں قربانیاں دینے والے بزرگوں کی روح کو تکلیف دی ہے۔

خرم نواز گنڈ اپور نے کہا کہ آج کا پاکستان اقبال و قائد اعظم کے افکارات سے انحراف کی ایسی تصویر پیش کر رہا ہے جس میں خوشحالی، ترقی اور وقار کا کوئی رنگ دکھائی نہیں دیتا۔ سیاسی پارٹیاں ملک و قوم کے مفادات کیلئے منشور کی سیاست سے کوسوں دور ہیں۔ ذاتی مفادات، لوٹ کھسوٹ اور کرپشن کو تحفظ دینے والا انتخابی نظام عوام کی خوشحالی اور ترقی کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی نظام کے خلاف جدوجہد مستقبل میں پاکستان میں حقیقی جمہوریت اور خوشحالی کا باعث ہو گی۔ بشارت عزیز جسپال نے بھی سیمینار سے خطاب کیا۔

تبصرہ