پٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافہ خالصتاًغریب کشی اور عوام دشمنی ہے
اضافہ غریب عوام کی حکومت سے وابستہ توقعات کے بالکل برعکس ہے۔ ڈاکٹررحیق احمد عباسی
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ پر شدید ترین تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ غریب عوام کیلئے’’عوامی حکمرانوں‘‘ کی جانب سے عید کا تحفہ ہے جس نے غریب کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ اضافہ غریب عوام کی حکومت سے وابستہ توقعات کے بالکل برعکس ہے۔ ہر دس پندرہ دن بعد عوام پر پٹرول بم گرایا جاتا ہے۔ جس سے بالواسطہ اور بلا واسطہ مہنگائی کا اونچے درجے کا سیلاب آتاہے۔ جس کی تندو تیز اور ظالم لہروں میں بے بس اور مجبور غریب عوام خس وخاشاک کی طرح بہتے جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں اور آئے دن کی مہنگائی نے ان کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روز گاری، دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، رشوت ستانی اور جرائم کی شرح میں اضافہ اور امن وامان کی خوفناک صورتحال نے غریب عوام کو پہلے ہی نڈھال کر رکھا ہے ایسے میں ان کے زخموں پر مرحم رکھنے اور ان کے مصائب اور تکالیف کم کرنے کی بجائے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا ظالمانہ عمل مسلسل جاری ہے جوکہ عوام پر انتہائی ظلم ہے۔ حکومت کو مسائل میں گھری قوم کے درد اور مسائل کو سمجھنا چاہیے اور ا ن کا مداوا کرنا چاہیے۔
تبصرہ