ملک بھر سے ہزاروں خواتین نے شہر اعتکاف کا مکین بننے کیلئے رجسٹریشن کا عمل مکمل کر لیا۔ حرمین شریفین کے بعد اسلامی دنیا کے سب سے بڑے اعتکاف میں خواتین کیلئے الگ جگہ تیا رکر لی گئی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے روزانہ ہونے والے خطابات بڑی LED سکرین کے ذریعے ویمن اعتکاف گاہ میں سنائے جائیں گے۔ سحری و افطاری کے وسیع انتظامات کو بلاکس میں تقسیم کر دیا گیا تا کہ دونوں اوقات میں 20 منٹ پہلے ہر کسی کو افطاری و کھانا مہیاکیا جا سکے۔ شہر اعتکاف میں خواتین سکالرز شیڈول کے مطابق لیکچرز دیں گی۔ ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن ویمن لیگ کی میڈیا کوارڈینیٹر اعتکاف گاہ برائے خواتین رابعہ عروج نے شہر اعتکاف کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
رابعہ عروج نے کہا کہ تربیتی نشستیں اور انفرادی و اجتماعی معمولات کی نگرانی کیلئے نوجوان خواتین سکالرز ہمہ وقت اعتکاف گاہ میں موجود ہو نگی۔ خواتین ڈاکٹر دیگر ڈاکٹر حضرات کے ہمراہ شہر اعتکاف میں موجود ہوں گی۔ معتکف خواتین کی سہولت کیلئے خواتین اعتکاف گاہ کی جانب مختلف راستوں پر بڑے بورڈ اور بینرز لگا دئیے گئے ہیں۔ ایک ہزار رضا کار خواتین لیڈی پولیس کے ہمراہ سیکیورٹی کی ڈیوٹی پر مامور ہوں گی۔ خواتین اعتکاف گاہ کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ لگا دئیے گئے ہیں۔ رابعہ عروج نے کہا کہ امسال خواتین کی بہت بڑی تعداد اعتکاف بیٹھے گی اس تناظر میں انتظامات کو وسیع شکل دی گئی ہے۔ گرمی اور حبس سے بچانے کیلئے اعتکاف گاہ میں بڑے سائز کے پنکھے لگائے گئے ہیں جن کی ہوا بہت دور تک جاتی ہے۔ مذہبی اور روحانی ذوق کی تکمیل کیلئے اسلامی کتابوں کا بہت بڑا سٹال الگ طور پر خواتین کی اعتکاف گاہ میں لگا دیا گیا ہے۔
تبصرہ