سوئس بنک بھرے ہیں جبکہ غریب عوام بھوک، مہنگائی اورلوڈ شیڈنگ کی چکی میں پس رہے ہیں
65 سال سے مقتدر طبقہ کرپشن کے دریامیں نہ صرف ہاتھ دو رہا ہے بلکہ اب تو باقاعدہ نہا بھی رہا ہے
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کا سینٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ نا اہل سیاستدانوں اور عوام دشمن نظام انتخاب کی وجہ سے پاکستان کرپشن میں ترقی کرتا ہوا دنیا میں 34ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ موجودہ نظام انتخاب کی وجہ سے ہونے والی سیاسی تبدیلیوں کے بعد کرپشن میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ کرپشن ایسا ناسور بن چکا ہے جس سے چھٹکارا پانا مشکل ہی نہیں مشکل ترین ہو چکا ہے۔ ملک میں پچھلے 65 سال سے مقتدر طبقہ کرپشن کے دریامیں نہ صرف ہاتھ دو رہا ہے بلکہ اب تو باقاعدہ نہا رہا ہے۔ ملک کے چھوٹے بڑے سیاسی لیڈروں پر کھربوں کی کرپشن کے الزامات ہیں، سوئس بنک بھرے ہوئے ہیں اور ملک میں غریب عوام بھوک، مہنگائی، دہشت گردی، لوڈ شیڈنگ اور عدم تحفظ کی چکی میں پس رہے ہیں۔ وہ گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کی سینٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ جبکہ خرم نواز گنڈا پور، ساجد بھٹی، جواد حامد، عاقل ملک، بشارت عزیز جسپال، فیاض وڑائچ اور چودھری افضل گجر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ کرپشن مافیا اور ملک میں رائج سیاسی نظام اس کھٹارہ، ناکارہ گاڑی کی طرح ہے جس کے بریک فیل ہو چکے ہیں اور ڈرائیور کی آنکھوں پر کالی پٹی بندھی ہوئی ہے۔ کرپشن سیاستدانوں، حکمرانوں اور انکے حواریوں کی گھٹی میں شامل ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک اس نازک موڑ پر کھڑا ہے جہاں جمہوریت کو فوج سے نہیں بلکہ بد عنوان سیاستدانوں سے خطرہ ہے جو ایک کے بعد ایک ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے صدر نے کہا کہ آج اگر ساری قوم عہد کر لے کہ ملک میں جاری کرپشن اور بدعنوانی کو روکنا ہے تو سب سے پہلے اس کرپٹ نظام انتخاب کو دریا برد کرنا ہو گا تاکہ ملک میں حقیقی جمہوریت آ سکے اور ملک صحیح معنوں میں ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔
تبصرہ