رمضان المبارک نیکیوں کا موسم بہار ہے یہ صبر، ہمدردی اور غم خواری کا مہینہ ہے۔ علامہ محمد لطیف مدنی

اللہ تعالیٰ کو خوش کر کے اسکی رحمتوں، بخششوں اور مغفرتوں کو سمیٹنے کیلئے یہ بہترین مہینہ ہے
علامہ محمد لطیف مدنی کا ’’ماہ رمضان کی تیاریاں اور اسکے تقاضے‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب

رمضان المبارک نیکیوں کا موسم بہار ہے جس میں رب کائنات کی رحمت پورے جوش میں ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ کو خوش کر کے اسکی رحمتوں، بخششوں اور مغفرتوں کو سمیٹ لینے کا یہ بہترین موقع ہوتا ہے۔ جسے کوئی بھی مسلمان ضائع کرنا اور کھونا نہیں چاہتا۔ رمضان المبارک کا آغاز ہو چکا ہے سیدنا ابوبکر صدیق اکبر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا معمول تھا کہ رمضان المبارک کے آغاز میں لوگوں کو اسکی رحمتوں اور برکتوں سے آگاہ کرنے کیلئے خطبات ارشاد فرمایا کرتے تھے تاکہ وہ اس ماہ مبارک کے خزانوں سے بھر پور فائدہ اٹھاسکیں۔

ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم دعوت اور معروف مذہبی سکالر علامہ لطیف مدنی نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں’’ماہ رمضان کی تیاریاں اور اسکے تقاضے‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جبکہ علامہ فیاض بشیر، علامہ افضال احمد، علامہ ظہیر احمد نقشبندی اور علامہ صاحبزادہ افتخار الحسن بھی اس موقع پر موجود تھے۔

علامہ محمد لطیف مدنی نے کہا کہ ماہ رمضان کو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شہر عظیم اور شہر مبارک قرار دیا ہے اور فرمایا کہ یہ صبر، ہمدردی اور غم خواری کا مہینہ ہے۔ علامہ محمد لطیف مدنی نے کہا کہ تقویٰ قلب و روح اور عمل و کردار کی اس قوت کا نام ہے جس سے غلط اور بُرے کاموں سے بچ کر استقامت کے ساتھ اچھے اور نفع بخش کام کئے جائیں۔ رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی اس سے متعلقہ کتب کے مطالعہ کا آغاز کر دینا چاہیے اس مقصد کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی مشہور کتب فلسفہ صوم اور روزہ اور اعتکاف سے استفادہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

تبصرہ