آج اگر کوئی خدا کا قرب چاہتا ہے تو وہ راہ انقلاب پر نکلے
حقیقی تبدیلی کا روڈ میپ ڈاکٹر طاہر القادری ہی دے سکتے ہیں
ڈاکٹر طاہر القادری کا پیغام غریب کو حکمرانی دلانے کا پیغام ہے اسی میں پاکستان کی
بقا ہے
ڈاکٹر حسین محی الدین القادری کا منہاج القرآن یوتھ لیگ لاہور کی جنرل کونسل کے اجلاس
سے خطاب
نوجوان حقیقی تبدیلی کیلئے موجودہ عوام دشمن نظام کو مسترد کر دیں کیونکہ تبدیلی کا وقت آج ہے۔ آج اگر کوئی خدا کا قرب چاہتا ہے تو وہ راہ انقلاب پر نکلے۔ تحریک منہاج القرآن کا پیغام دوسری جماعتوں سے جدا اس لئے ہے کہ منہاج القرآن موجودہ زمانے کی انقلابی تحریک ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری موجودہ دور کے سب سے بڑے نباض ہیں اس لئے حقیقی تبدیلی کا روڈ میپ بھی وہی دے سکتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری کا پیغام غریب کو حکمرانی دلانے کا پیغام ہے، اسی میں پاکستان کی بقا ہے۔ موجودہ دور میں رسم شبیری ادا کرنے میں خدا کی رضا ہے۔
ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کی فیڈرل کونسل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین القادری نے منہاج القرآن یوتھ لیگ لاہور کی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض، منہا ج القرآن یوتھ لیگ لاہور کے صدر شہزاد احمد قادری، سیکرٹری جنرل منہاج القرآن یوتھ لیگ محمد رفیق صدیقی، شعیب احمد، حافظ وقار اور شاہد قمر بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر حسین محی الدین القادری نے کہا کہ اعمال کا اجر و ثواب زمانے کے تغیرات کے حساب سے بدلتا رہتا ہے۔ ایک زمانے میں ایک عمل کا اجر اللہ کا قرب پانے میں معاون ہے تو زمانے کے تغیر کے ساتھ اسکی جگہ کوئی اور عمل لے لیتا ہے۔ اعمال کی نتیجہ خیزی کا گہرا تعلق زمانے کے تغیرات کے ساتھ جڑا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں نوجوانوں کیلئے فرائض کے بعد جس سمت کام کرنے کی سب سے زیادہ ضرورت ہے وہ انقلاب کا راستہ ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ نے نوجوانوں کو جذبوں، ولولوں اور صلاحیتوں سے نوازا ہے۔
تبصرہ