رمضان المبارک خود احتسابی کا عظیم درس دیتا ہے
علامہ صادق قریشی کاجامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب
تحریک منہاج القرآن کے نائب امیر علامہ صادق قریشی نے کہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اور یہ مبارک مہینہ امت مسلمہ کو خود احتسابی کاعظیم درس دیتا ہے۔ صفائے قلب کیلئے روزہ بہترین ذریعہ بن سکتا ہے بشرطیکہ اس کے تقاضے پورے کرنے پر محنت کی جائے۔ صرف بھوکا پیاسا رہ کر مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کئے جا سکتے۔
وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے پسے اور مفلوک الحال طبقات کو زندگی کی مشکلات سے نجات دلانے کی کوشش کرنا بھی رمضان المبارک کے مقاصد میں سے اہم ترین ہے۔ مسلمانوں کی ناکامی کی وجہ یہ ہے کہ ہم نے اسلام کے حقائق سننے کیلئے اپنے کانوں کو بہرہ کر رکھا ہے اور روایتی چیزوں میں الجھ کر دین کی روح کو فراموش کر بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے سے غربت، افلاس، بھوک، بدامنی، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کا عزم اور بہترین کوشش کرنا ہر مسلمان کا فرض ہے۔ اسلام ایمان اور احسان کا فلسفہ سمجھنے اور عمل کرنے کیلئے رمضان المبارک انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ مسلمان سے مومن اور مومن سے محسن بننے کیلئے ریاضت کا آغاز کرنے کیلئے رمضان المبارک بہترین مہینہ ہے۔
تبصرہ