اراکانی مسلمانوں پر ٹوٹنے والی قیامت پر مغربی میڈیا آنکھیں بند کئے ہوئے ہے
منہا ج القرآن علماء کونسل کے ناظم سید فرحت حسین شاہ نے کہا ہے کہ مظلوم برمی مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر جہاں حقوق انسانی کے عالمی اداروں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے وہاں پر مسلمان ممالک کے حکمرانوں کے کانوں پر بھی جوں تک نہیں رینگی۔ میانمار میں نہتے مسلمانوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں اور ان کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام برما میں مظلوم مسلمانوں پر ہونیوالے ظلم کے خلاف جامع مسجد منہاج القرآن ماڈل ٹاؤن کے باہر نماز جمعہ کے بعد ہونیوالے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی مظاہرہ میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر برما میں مسلمانوں پر ہونیوالے ظلم و جبر کے خلاف نعرے درج تھے۔
انہوں نے کہا کہ برما میں اب تک ہزاروں مسلمان ان المناک واقعات میں شہید ہو چکے ہیں، جبکہ برما کی حکومت مسلمانوں کے قتل عام کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا خون مسلم ارزاں ہو چکا ہے۔ اراکانی مسلمانوں پر ٹوٹنے والی قیامت پر مغربی میڈیا آنکھیں بند کئے ہوئے ہے۔ ہم برما کے مسلمانوں پر ہونے والے ظلم کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور عالمی انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مسلمانوں کی نسل کشی رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ساری دنیا کے مسلمان اخوت، بھائی چارہ اور اسلام کے رشتوں میں بندھے ہیں جب تک مسلمان اپنے اندر اتحاد و اتفاق پیدا نہیں کرینگے اس طرح کے واقعات کو نہیں روکا جا سکتا۔
احتجاجی مظاہرے سے علامہ میر آصف اکبر ،علامہ آزاد حسین اورعلامہ عثمان سیالوی نے بھی خطاب کیا۔
تبصرہ