ملک و قوم کی تقدیر پر قابض طبقے نے مختلف پارٹیوں کے ماسک چڑھا رکھے ہیں: ڈاکٹر رحیق عباسی

عوام لوڈ شیڈنگ سے بے حال، سیاستدان اقتدار کی بندر بانٹ میں مصروف ہیں۔
صرف دعوے کئے جا رہے ہیں توانائی بحران کے حل کیلئے کوئی واضح پالیسی سامنے نہیں آ سکی: ڈاکٹر رحیق عباسی

اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ عوام لوڈ شیڈنگ سے بے حال ہیں جبکہ سیاستدان عوامی مسائل سے بے خبر اقتدار کی بندر بانٹ میں مصروف ہیں۔ ماضی کی حکومتوں نے ڈیمز کے مسئلے کو حل کرنے کی بجائے اسے سیاسی ضرورت کیلئے استعمال کیا اور اب بھی صرف دعوے کئے جا رہے ہیں جبکہ توانائی بحران کے حل کیلئے کوئی واضح پالیسی اب تک سامنے نہیں آ سکی جس سے ثابت ہوتا ہے کہ عوامی مسائل کو حل کرنا کسی کی ترجیحات میں شامل نہیں ہے۔ چھوٹے ڈیمز کی تعمیر فوری طور پر شروع کر دی جائے تو نہ صرف توانائی بحران بلکہ زرعی بحران پر بھی قابو پایا جا سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی تحریک اسلام آباد کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں عوامی تحریک اسلام آباد کے صدر فاروق بٹ، اشتیاق میر ایڈوکیٹ، غضنفر کھوکھر، انصار ملک، مصطفی حسین خان، بھی شریک تھے۔

عوامی تحریک کے رہنماؤں نے توانائی بحران سے پیدا ہونے والی مشکلات کے بارے میں پاکستان عوامی تحریک کے صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کو آگاہ کیا۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا  کہ پچھلے 65 سالوں سے ملک و قوم کی تقدیر پر قابض 2 فی صد طبقے کے مفادات ایک ہی ہیں مگر انہوں نے مختلف پارٹیوں کے ماسک چڑھا رکھے ہیں، گھسے پٹے نظام انتخاب اور ان نا م نہاد پارٹیوں کا چولی دامن کا ساتھ  ہے جو عوام کے سامنے بے نقاب ہو چُکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ حالات کو بدلنے کیلئے 97 فی صد عوام کو پاکستان عوامی تحریک کے تبدیلی کے عمل میں شریک ہونا ہو گا تا کہ کرپٹ انتخابی و سیاسی نظام کا خاتمہ ہو سکے۔

تبصرہ