ملک میں صاف ،شفاف اور غیر جانبدار احتساب ہوجائے تو استحکام پاکستان کی راہیں کھل سکتی ہیں۔ بابر علی چوہدری

استحکام پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہو
منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدربابر علی چودھری کی سندھ سے آئے نوجوانوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

استحکام پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہو، اپنے تمام تر اختلافات ختم کر کے پاکستان کی کی سلامتی اور بقا کے لیے اتحاد کا عملی مظاہرہ کرے۔ دشمن ہمیں پارہ پارہ کرنا چاہتا ہے، ہماری صفوں میں اتحاد دشمن کی موت ثابت ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر بابر علی چودھری نے اندرون سندھ سے آئے نوجوانوں کے ایک وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف ہونا فطری عمل ہے آپس میں نفرت نہیں ہونی چاہیے کیونکہ ہم سب پاکستانی ہیں پاکستان کی مضبوطی اور عزت کے لیے اپنے سیاسی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح نہیں دینی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں بحثیت قوم آپس میں پیار، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دینا چاہیے یہی ہماری طاقت ہے اسی کے بل بوتے پر ہم ترقی کی منازل طے کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام امن، مساوات اور رواداری کا دین ہے۔ ہمیں اسلام اور پیغمبراسلام کی تعلیمات سے روشنی حاصل کرنی چاہیے۔ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہونا چاہیے ، کسی فردکو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین، بچوں اور پسی ہوئی عوام کی خدمت اور حقوق کا خیال رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ عوام متحد ہو کر ہر سطح پر جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کڑے احتساب کی ضرورت ہے اگر ملک میں صاف، شفاف اور غیر جانبدار احتساب ہو جائے تو استحکام پاکستان کی راہیں کھل سکتی ہیں۔

تبصرہ