ڈاکٹر طاہرالقادری سود کا متبادل نظام پیش کر چکے ہیں جس پر عمل نہیں کیاگیا
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عمر ریاض عباسی نے کہاہے کہ فقط بجلی کے بلوں سے سود کا خاتمہ مسئلے کا حل نہیں ہے، ہم ملک کے معاشی نظام سے سود کا مکمل خاتمہ چاہتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کچھ علماء کی جانب سے مسجد کے بلوں سے سود کے خاتمے کے مطالبے پر اپنا نقطہ نظربیان کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے چند سال قبل لاہور کے موچی دروازہ پر ایک بڑے جلسہ عام میں سود کا مکمل نظام پیش کر دیا تھا، لیکن اُس وقت کی حکومت نے اور بعدازاں آنے والی حکومتوں میں سے کسی نے بھی سود کے متبادل نظام کو ملک میں نافذ کرنے میں کوئی اقدام نہیں اٹھایا، کیونکہ کوئی بھی حقیقت میں سودی نظام کے خاتمے میں سنجیدہ نہیں ہے بلکہ مسلم لیگ نے اپنے سابقہ دور حکومت میں سود کے نظام کو برقرار رکھنے کے لئے عدالت سے سٹے لیا ہواہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری ملک کوسود سے پاک معاشی نظام دینا چاہتے ہیں۔عمرریاض عباسی نے کہاکہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے دئے گئے بلا سود بنکاری نظام کے مسودے پر عمل درآمد کر لیا جائے تو ملک سے سودی نظام کامکمل خاتمہ کیاجاسکتاہے۔یہ کام فقط تقریروں سے نہیں ہوگابلکہ اس کے لئے خلوص نیت عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔
تبصرہ