دھرنے کا آغاز صبح 8 بجے پولنگ کے آغاز کے ساتھ ہوگا اور اختتام
بھی پولنگ کا وقت ختم ہونے کے ساتھ ہوگا۔ انصار ملک
عوامی تحریک یوتھ ونگ، منہاج القرآن یوتھ ونگ، مصطفوی سٹوڈنٹس کے نوجوان سیکیورٹی کے
فرائض انجام دیں گے
شرکاء دھرنا کے لئے پانی کی سبیلیں اور کھانے کا بھی انتظام کرلیا گیا ہے
ڈاکٹر طاہرالقادری خطاب کریں گے
پاکستان عوامی تحریک کے این اے 48 کے صدر فاروق بٹ اور عوامی تحریک کے آرگنائزر انصار ملک نے کہا ہے کہ آج 11مئی کے الیکشن والے دن اسلام آباد میں آبپارہ کے مقام پر عوام دشمن نظام انتخاب کے خلاف دھرنا ہوگا، دھرنے میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین بھی بڑی تعداد کے علاوہ عام شہری، طلبہ، وکلاء، تاجر اورمزدور تنظیموں کے عہدیداران و کارکنان اور عوام بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔ دھرنے کا آغاز صبح 8 بجے پولنگ کے آغاز کے ساتھ ہوگا اور اختتام بھی پولنگ کا وقت ختم ہونے کے ساتھ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمدطاہرالقادری ٹیلی فونک خطاب کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دھرنے کی جگہ کا دورہ کرنے کے دوران صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ابرار رضا ایڈووکیٹ، غضنفر کھوکھر، اشتیاق میر ایڈووکیٹ، راجہ منیراعجاز، ایم ایچ خان، غلام علی خان اور دیگر عہدیداران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں آبپارہ کے مقام پر دھرنا ہوگا جس میں مرکزی، صوبائی اور ضلعی قائدین کے خطابات بھی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک پرامن جماعت ہے۔ 23 دسمبر کا تاریخی جلسہ، اسلام آباد لانگ مارچ اورڈی چوک پر پانچ روزہ تاریخی دھرنا جس طرح پرامن تھا آج کا یہ دھرنا بھی پرامن اور پولنگ سٹیشنوں سے دور ہوگا۔ کسی کو ووٹ ڈالنے سے روکا نہیں جائے گا۔ ہم پُرامن طریقے سے اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں گے جو کہ ہمارا جمہوری حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد اور راولپنڈی کے کارکنان نے اس سلسلے میں تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ جڑواں شہروں سے عوام کی بڑی تعداد دھرنے میں شریک ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کی خواہش رکھنے والے باشعور لوگ ووٹ ڈالنے کی بجائے عوامی تحریک کے دھرنوں میں شامل ہوں گے۔ عوام کی سہولت کے لئے ٹینٹ اور شامیانوں کا بھی انتظام کیاگیا ہے، شرکائے دھرنا کے لئے پانی کی سبیلیں اور کھانے کابھی انتظام کر لیا گیاہے۔ سیکیورٹی کے لئے عوامی تحریک یوتھ ونگ، منہاج القرآن یوتھ ونگ، مصطفوی سٹوڈنٹس کے نوجوان اپنے فرائض انجام دیں گے۔
تبصرہ