تبدیلی کی خواہش رکھنے والے باشعور لوگ ووٹ ڈالنے کی بجائے عوامی
تحریک کے دھرنوں میں شامل ہوں گے۔
دھرنے کا آغاز صبح 8 بجے پولنگ کے آغاز کے ساتھ ہوگا اور اختتام بھی پولنگ کا وقت ختم
ہونے کے ساتھ ہوگا۔
11 مئی کو الیکشن ڈے پرپاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام دھرنا آبپارہ کے مقام پر
ہوگا : غلام علی خان
اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک کے میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان کے مطابق 11 مئی کے الیکشن والے دن اسلام آباد سمیت پورے ملک میں کم و بیش 300 شہروں میں عوام دشمن نظام انتخاب کے خلاف دھرنے دئے جائیں گے، دھرنوں میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین بھی بڑی تعداد کے علاوہ عام شہری، طلبہ، وکلاء، تاجر اور مزدور ننظیموں کے عہدیداران و کارکنان اور عوام بڑی تعداد میں شامل ہوگی، دھرنے کا آغاز صبح 8 بجے پولنگ کے آغاز کے ساتھ ہوگا اور اختتام بھی پولنگ کا وقت ختم ہونے کے ساتھ ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمدطاہرالقادری ٹیلی فونک خطاب کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میڈیا سیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں آبپارہ کے مقام پر ھرنا ہوگا جس میں مرکزی، صوبائی اور ضلعی قائدین کے علاوہ عوامی تحریک کے کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد شامل ہو کر کرپٹ نظام کے خلاف آواز بلند کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کا دھرنا پر امن اور پولنگ سٹیشنوں سے دور ہوگا کسی کو ووٹ ڈالنے سے روکا نہیں جائے گا صرف پر امن طریقے سے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا جائے گا جو کہ ہمارا جمہوری حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد اور راولپنڈی کے کارکنان نے اس سلسلے میں تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں، جڑواں شہروں میں عوام رابطہ مہم کے ذریعے عوام کو بھرپور دعوت بھی دی جا چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 11 مئی کے الیکشن عوام کے ساتھ فراڈ ہیں اس کے نتیجے میں بننے والی حکومت نہ مضبوط ہوگی نہ ہی پائیدار عوام کے ووٹ کے تقدس کو پامال کیا جائے گا۔ عوام اب اس فراڈ الیکشن کو سمجھ چکے ہیں یہ الیکشن غریبوں کے مقدر بدلنے کے لئے نہیں بلکہ امراء کی عیاشیوں کے لئے ہے، اس لئے تبدیلی کے خواہش مند باشعور لوگ ووٹ ڈالنے کی بجائے عوامی تحریک کے دھرنوں میں شامل ہوں گے۔ عوام کی سہولت کے لئے ٹینٹ اور شامیانوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے پانی کی سبیلیں اور کھانے کا بھی انتظام کرلیا گیا ہے۔ سیکیورٹی کے لئے عوامی تحریک یوتھ ونگ، منہاج القرآن یوتھ ونگ، مصطفوی سٹوڈنٹس کے نوجوان اپنے فرائض انجام دیں گے۔
تبصرہ