پاکستان عوامی تحریک کرپشن کے نظام کو ہر گز سپورٹ نہیں کر یگی۔
بدی کے نظام کو مسترد کرنے کیلئے دھرنوں میں شرکت کرنا دینی و ملی تقاضا ہے۔
موجودہ انتخابی نظام کے تحت ووٹ دینا کرپشن کو سپورٹ کرنا ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری
لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ پولنگ ڈے دھرنے انتخابات نہیں نظام انتخابات خلاف ووٹ ہیں۔ موجودہ نظام کے تحت ہونے والا الیکشن ایک مرتبہ پھر بد معاشوں، غنڈوں اور ٹیکس چوروں کو حکمران بنا دے گا جو ملک و قوم کے ساتھ بہت بڑا ظلم ہو گا۔ الیکشن کمیشن غیر آئینی اور قوم کا مجرم ادارہ ہے الیکشن کرانے والے اندھے اور بہرے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کرپشن کے نظام کو ہر گز سپورٹ نہیں کر یگی۔ عوام ملک و قوم کا مستقبل بچانا چاہتے ہیں تو 11 مئی کے دھرنوں میں ہر جگہ لاکھوں کی تعداد میں شرکت کریں۔
وہ گذشتہ روز بیرون ملک سے پاکستان واپسی پر لاہور ائر پورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ لاہور ائر پورٹ پر پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی، صوبائی و ضلعی قائدین کے علاوہ استقبال کیلئے آنے والے ہزاروں کارکنان نے کرپٹ نظام انتخاب کے خلاف کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک دشمن نظام انتخاب کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کے پر امن دھرنے عوامی ریفرنڈم ثابت ہو نگے اور 11 مئی کوظالمانہ نظام اور اس کے محافظ اپنی موت آپ مر جائیں گے۔ 11 مئی کے دھرنے ملک میں تبدیلی نظام کی بنیاد ثابت ہوں گے اور بدی کے نظام کو مسترد کرنے کیلئے دھرنوں میں شرکت کرنا دینی و ملی تقاضا ہے۔ موجودہ انتخابی نظام کے تحت ووٹ دینا کرپشن کے نظام کو سپورٹ کرنا ہے۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ گلے سڑے نظام سے جو تعفن اٹھ رہا ہے اس کی بو الیکشن کے بعد پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے گی اور ملک میں کرپشن، دہشت گردی کا راج قائم ہو جائے گا۔ عوام کو اندازہ نہیں ہے کہ الیکشن کے نام پر ان کے ساتھ کتنا بڑا دھوکہ ہونے جا رہا ہے۔ موجودہ نظام انتخاب ملک کی آزادی کے خلاف گھناؤنی سازش ہے۔ اس لئے ملکی استحکام، ترقی اور عوامی خوشحالی کی طرف بڑھنے کا واحد راستہ موجودہ نظام انتخاب کو کلی طور پر مسترد کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بار بار واضح کر چکے ہیں کہ ہم انتخابات کے نہیں نظام انتخابات کے خلاف ہیں۔ 11 مئی کو پولنگ سٹیشن ویران ہو سکتے ہیں کیونکہ عوام پاکستان عوامی تحریک کے موقف کوسمجھ کر دھرنوں میں شرکت کریں گے۔ ’’ کرپٹ نظام سے لڑنا ہو گا 11 مئی کو دھرنا ہو گا‘‘ زبان زد عام ہو چکا ہے اس لئے اب الیکشن وہی درست ہونگے جن پر پاکستان عوامی تحریک مہر تصدیق ثبت کریگی۔
موجودہ کرپٹ نظام کو بچانے کیلئے الیکشن کمیشن اور کرپٹ مافیا ایک ہو چکے ہیں مگر عوام اس سازش کو ناکام بنا کر دم لیں گے۔
تبصرہ