مل مالکان کو اپنے منافع میں مزدور کو حصہ دار بنانا ہو گا
یوم مئی کے موقع پر ڈاکٹر طاہرالقادری کا خصوصی پیغام
پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ یوم مئی مزدورں کے حقوق دلانے کا دن ہے۔ شکاگو کے مزدوروں نے اپنے حقوق کے لئے قربانیاں دے کر اپنی آواز بلند کی تھی۔ ان کی تحریک آج بھی جاری ہے۔
یوم مئی کے موقع پر ڈاکٹر طاہرالقادری نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ اسلام نے مزدور کو جو حقوق دیے وہ دنیا کے کسی معاشی نظام میں نہیں ہیں۔ دوسری جانب پاکستان میں آج بھی مزدور کے حقوق مکمل طور پر بحال نہیں کیے گئے، بلکہ مزدور کا استحصال جاری ہے۔ ملک میں سرمایہ داری کے جن نے مزدور کو نگل لیا ہے۔ اس لئے سرمایہ داری کے نظام میں مزدور کو شراکت دار بنائے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں ہو سکتی۔ مل مالکان کو اپنے منافع میں مزدور کو حصہ دار بنانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص اور مزدور دشمن پالیسیوں کی وجہ سے وطن عزیز کا مزدور فقیر بن کر رہ گیا ہے۔ جو اپنی روزی روٹی کی بھیک مانگنے پر مجبور ہے۔ پاکستان عوامی تحریک نے معاشی طور پر مضبوط اور خوشحال پاکستان کاجو نقشہ پیش کیا ہے اس میں مزدور کو مرکزی مقام حاصل ہے۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ ان شاء اللہ وہ وقت آنے والا ہے جب پاکستان کی صنعتی اور معاشی ترقی میں مزدور کا راج ہوگا۔ اس کے لئے ضروری ہے کہ سب مل کر ملک میں رائج سرمایہ دارانہ اور جاگیردارانہ نظام کے خلاف 11 مئی کے انتخابات کو مسترد کر کے عوامی تحریک کے دھرنوں میں شامل ہوں۔
تبصرہ