موجودہ ملکی حالات میں سب سے زیادہ خواتین کا طبقہ متاثر ہو رہا
ہے
حوا کی بیٹیاں 11 مئی کو ہونے والے پرامن دھرنوں میں لاکھوں کی تعداد میں شرکت کریں
پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب
پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کی مرکزی رہنماء نوشابہ ضیاء نے قیامت خیز لوڈشیڈنگ، دہشت گردی، مہنگائی اور غربت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اشرافیہ پچھلے 65 سالوں سے ملک کو لوٹ رہی ہے۔ عوام بنیادی حقوق اور ضروریات زندگی سے محروم ہوتے جا رہے ہیں۔ لوڈشیڈنگ، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور دہشت گردی نے عوام کو ذہنی معذور بنا دیا ہے جس سے خودکشیوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔
وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر سدرہ کرامت، فرح ناز، عائشہ شبیر، شاکرہ چوہدری اور ملکہ صباء بھی موجود تھیں۔
نوشابہ ضیاء نے کہا کہ اگر عوام کا یہی حال رہا تو یہ بہت خطرناک حالات کا پیش خیمہ ہے۔ مضبوط اور مثبت اقدامات اٹھانا ہونگے جن سے عوام کو فوری ریلیف ملے۔ سیاست دانوں کی رسہ کشی اور ذاتی مفادات کے کھیل نے عوام کے مفادات کو پس پشت ڈال رکھا ہے، جس سے پچھلے 65 سالوں سے عوام کے حقوق کا استحصال ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات میں سب سے زیادہ خواتین کا طبقہ متاثر ہو رہا ہے۔ خواتین کے متاثر ہونے سے گھروں کی حالت بگڑ رہی ہے۔ معاشرے کے بنیادی یونٹ گھر اور فیملی سسٹم کی بربادی لوڈ شیڈنگ سے گھروں میں آرام و سکون ختم ہوتا جا رہا ہے۔ ذہنی انتشار اور تلخیوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جو کسی بھی طرح معاشرے کیلئے سود مند نہیں۔ اگر عوام کی الجھنوں کا تدارک نہ کیا گیا تو افراد کی ٹوٹ پھوٹ معاشرے کی بنیادوں کو کھوکھلا کر دے گی۔ معاشرے کی بنیادیں مضبوط نہ ہونا ملک کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔
نوشابہ ضیاء نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے سیاست نہیں ریاست بچاؤ کا نعرہ لگا کر اس بکھری ہوئی قوم کی شیرازہ بندی کی۔ ساری قوم 11 مئی کو ہونے والے غیر آئینی الیکشن کو مسترد کر کے ملک میں مثبت اور حقیقی تبدیلی کی بنیاد رکھے۔ وطن عزیز میں نظام کی تبدیلی کا علم اٹھانے والی پاکستان عوامی تحریک ملک کے غریب عوام کا مقدر بدل دے گی۔
نوشابہ ضیاء نے کہا کہ تبدیلی باتوں سے نہیں بلکہ موجودہ انتخابی نظام کے خلاف عملی جدوجہد سے آئے گی اور حوا کی بیٹیاں 11 مئی کو ہونے والے پرامن دھرنوں میں لاکھوں کی تعداد میں شرکت کر کے اس عوام دشمن نظام انتخاب کو دریا برد کر کے قوم کو تبدیلی کا حقیقی اور درست راستہ دکھائیں گی۔ ترقی اور خوشحالی کا وہ راستہ جس پر چل کر استحکام پاکستان کی منزل تک پہنچا جا سکتا ہے۔
تبصرہ