ملکی بقا وسلامتی کرپٹ نظام سے بغاوت میں ممکن ہے: خرم نوازگنڈا پور

غریب عوام سے جینے کاحق اور منہ سے نوالہ بھی چھین لیاگیا۔
عوام 11 مئی کے دھرنوں میں شریک ہوکر مجبوریت والے نظام سے بغاوت کااعلان کردیں۔
ملکی بقا وسلامتی کرپٹ نظام سے بغاوت میں ممکن ہے: خرم نوازگنڈا پور

اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈا پور نے کہا ہے کہ ملکی بقا اور سلامتی کرپٹ نظام سے بغاوت سے ہی ممکن ہے۔ ملک میں رائج نظام جمہوریت نہیں مجبوریت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز 11 مئی کو ہونے والے دھرنے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے رہنما اشتیاق میر ایڈووکیٹ، شاہد شنواری، راجہ منیراعجاز، غضنفر کھوکھر، ابرار رضا ایڈووکیٹ، ایم ایچ خان، غلام علی خان، شمریزاعوان، قاری ایاز، قاسم مرزا، سعید خان نیازی، جاوید ججہ اور دیگر عہدیداران و کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔

خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ سیاست دانوں نے گزشتہ 65 سے بالعموم اور بالخصوص گزشتہ 30 سالوں سے بے وقوف بنایا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت تودرحقیقت کاروبار حکومت میں عوام کی شراکت کا نام ہے لیکن یہاں جمہوریت عوام کو کاروبار حکومت اور شراکت اقتدار سے محروم رکھنے کی ساز باز کا نام ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ جمہوریت 1 فیصد لوگوں کے لئے ان کی عیاشی اور کاروبار کاذریعہ بن چکے ہیں، ملک کے تمام وسائل، ذرائع اور مال ودولت پر گنے چنے مخصوص لوگوں کا قبضہ ہے۔

اس ملک کے غریب عوام کے لئے نہ روزگار ہے نہ کوئی ذریعہ معاش کا بندوبست ہے، نہ وسائل نہ معیشت، نہ عدل ہے نہ انصاف اور نہ ہی جان کا تحفظ ہے حتی کی غریب عوام سے جینے کاحق اور منہ سے نوالہ بھی چھین لیاگیا، انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ عوام اٹھیں اور اس عوام دشمن نظام کے خلاف علم بغاوت بلند کردیں اور11 مئی کو عوامی تحریک کے دھرنوں میں جوق درجوق شریک ہوکر اپنا قومی فریضہ ادا کریں۔

تبصرہ