شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کی مذہبی، تعلیمی اور فلاحی خدمات دوسری جماعتوں اور تنظیموں کیلئے قابل تقلید ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین

منہاج ویلفیئر فؤنڈیشن کے تحت شادیوں کی اجتماعی تقریب میں24 جوڑے شادی کے مقدس رشتہ میں بندھ گئے۔
ہر فرد دوسروں کو خوشیاں بانٹنے کا عظیم کام ضرور کرے، غربت، جہالت اور پسماندگی کا خاتمہ کرنا سنت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے۔
عوام خوشیوں کو ترس گئے ہیں ایسے حالات میں غریب گھرانوں کی بچیوں کے ہاتھ پیلے ہونا کسی نعمت سے کم نہیں۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

لاہور: منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام شادیوں کی سالانہ اجتماعی تقریب میں 20 مسلمان اور چارمسیحی جوڑے شادی کے مقدس رشتہ میں بندھ گئے۔ ہر دلہن کو ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کا گھریلو سامان اور جیولری سیٹ تحفے میں دیا گی۔ 1800 مہمانوں کیلئے کھانے کا انتظام تھا۔

تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر حسن محی الدین القادی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کی مذہبی، تعلیمی اور فلاحی خدمات دوسری جماعتوں اور تنظیموں کیلئے قابل تقلید ہیں۔ بانی تحریک منہاج القرآن امن و سلامتی کے حقیقی سفیر ہیں۔ انہوں نے نفرتوں کو محبتوں سے بدلنے کا جو مشن شروع کیا ہے وہ پوری دنیا میں انہیں ممتاز کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے انتہا پسندی اور دہشت گردی جیسے فتنے کے خلاف فکری، علمی اور عملی جہاد کر کے انسانیت کو اسلام کی حقیقی تعلیمات تک رسائی دی ہے اور اسلام اور پاکستان کے خلاف گھناؤنی سازشوں کو ناکام بنا دیا ہے اس لئے ڈاکٹر طاہر القادری کی شخصیت عالم اسلام اور پاکستان کیلئے قابل فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اچھے عمل اور نیکی پر استقامت کا رویہ ہی فرد کو معاشرے کی اصلاح کے قابل بناتا ہے۔ باطنی تزکیہ کا عمل انسان کو بندگی کی حقیقت سمجھانا ہے۔ آج معاشرے میں اس کا ادراک اور تڑپ نہیں ہم لوگ دنیا کے حصول کو ہی اپنی منزل بنا بیٹھے ہیں۔

ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے کہا کہ نیک اعمال پر استقامت سے ایک وقت ایسا آتا ہے کہ غیر ارادی طور پر نیکیاں ہونے لگتی ہیں۔ نیک اعمال میں طبیعت مائل رہے اور شوق نیکی قائم رہے تو سمجھ لیں کہ اللہ آپ سے خوش ہے اور جس نے اللہ کو خوش کر لیا وہ دنیا کا خوش قسمت بندہ ہے۔ مگر اللہ کی خوشی نیکی پر استقامت کے بغیر حاصل نہیں کی جا سکتی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین القادری اور اجتماعی شادیوں کی اس پروقار تقریب میں شریک دیگر مہمانوں نے نو بیاہتا جوڑوں کے ساتھ گروپ فوٹو بنوائے اور ان میں تحائف بھی تقسیم کئے۔ اس مو قع پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ہالینڈ کے صدر ڈاکٹر عابد عزیز، امیر تحریک مسکین فیض الرحمن درانی، ڈاکٹر پروفیسر رشید خان، بیگم رشید خان، سنیئراداکار حبیب، اداکارعثمان پیر زادہ، طاہر احمد بھٹی، فادر ریورنڈ، فادر چمن سردار، محمد یوسف، خالد محمود، جی ایم ملک، جواد حامد اور تحریک منہاج القرآن کے دیگر قائدین بھی موجود تھے۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر امجد علی شاہ نے استقبالیہ کلمات کہے اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔ امیر تحریک فیض الرحمان درانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر فرد دوسروں کو خوشیاں بانٹنے کا عظیم کام ضرور کرے۔ کیونکہ غربت، جہالت اور پسماندگی کا خاتمہ کرنا سنت رسول ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری نے بے سہارا اور یتیم بچوں کے منصوبے آغوش سمیت دیگر فلاحی اور تعلیمی منصوبوں کو دوسروں کیلئے مثال بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ملکی حالات ایسے ہو گئے ہیں کہ عوام خوشیوں کو ترس گئے ہیں ایسے حالات میں غریب گھرانوں کی بچیوں کے ہاتھ پیلے ہونا کسی نعمت سے کم نہیں۔ منہاج ویلفیئر فؤنڈیشن ’’ زندگی کا مقصد اوروں کے کام آنا‘‘کے شعور کو عام کر رہی ہے۔

شادیوں کی اجتماعی تقریب میں ہر جوڑے کا الگ الگ نکاح پڑھایا گیا اس کیلئے علامہ مفتی عبد القیوم ہزاروی کی سربراہی میں منہاج القرآن علماء کونسل کی 7 رکنی ٹیم موجود تھی جس میں علامہ محمد حسین آزاد، علامہ میر آصف اکبر، علامہ عثمان سیالوی، علامہ امداد اللہ قادری موجود تھے۔

جبکہ مسیحی جوڑوں کے نکاح کیلئے فادر چمن سرداراور فادر ریورنڈ موجود تھے۔ اجتماعی نکاح کا خطبہ اور دعا مفتی عبد القیوم ہزاروی نے کرائی۔ تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی کتب کے تحائف بھی دیے گئے۔

تبصرہ