توجہ اور یکسوئی انسانوں کو کسی کام ا ور فن میں کمال تک پہنچا دیتی ہے
تحریک منہاج القرآن کے تحت ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے روحانی اجتماع سے خطاب
تحریک منہاج القرآن کی فیڈرل کونسل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین القادری نے کہا کہ اللہ کی رضا کیلئے ظاہری اور باطنی نظام بدلنے کی جدوجہد میں خالصیت رہے تو اللہ ضرور کامیابی دیتا ہے انسانیت کی فلاح اور ظلم سے نجات دلانے کی تمام تر کوشش بے لوث ہونی چاہیے۔ انسان کا فرض حق کو سر بلند کرنے کیلئے کوشش کرتے رہنا ہے۔ اللہ تعالیٰ کامیابی کب اور کیسے دیتا ہے یہ اسکا کام ہے۔ نیت کی درستگی اور قلبی لگاؤ عبادت کی قبولیت کی علامات ہیں۔ یکسوئی کے بغیر عبادت کا نور نصیب نہیں ہوتا۔ اللہ والے شیطان کے فریب، دنیا کی چمک، نفس کی تباہ کاریوں سے بچ کر اپنی پاکیزہ زندگیوں کی حفاظت کرتے ہیں اور اللہ تعالی کی رضا کے لیے زندگی گزارتے ہیں یہی سب سے بڑا انعام ہے۔ وہ گذشتہ روز تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے روحانی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن مسکین فیض الرحمان درانی، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، جی ایم ملک، جواد حامد، پروفیسر نواز ظفر، عاقل ملک، امیر لاہور ارشاد احمد طاہر اور دیگر مرکزی قائدین بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ بندہ جب ہر چیز کو بھول کر اللہ تعالی کے تصور میں گم ہو جاتا ہے تو اسے نور باطن نصیب ہوتا ہے۔ عبادت کا نور انسان کو اللہ کا صحیح بندہ بنا دیتاہے تب وہ مخلوق کے لیے نفع بخش بن جاتا ہے۔ انسانیت کی فلاح و بہبود عبادت کا جوہر ہے۔ ڈاکٹر حسین محی الدین القادری نے اپنی تقریر کے آخر میں رقت آمیز دعا کرائی۔
تبصرہ