ڈاکٹر طاہرالقادری کا مقصد اقتدار نہیں بلکہ قوم کے مستقبل کی تعمیر ہے۔ سردار منصور خان

آئین کے مطابق انتخابی نظام کو درست نہیں کیا گیا، اسلام آباد سمیت ملک بھرمیں الیکشن ڈے پر پرامن دھرنے ہوں گے

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار منصور خان نے کہا ہے کہ آئین کے مطابق انتخابی نظام کو درست نہیں کیا گیا اس لئے عوامی تحریک نے فرسودہ طریقہ انتخابات کو مسترد کرتے ہوئے الیکشن ڈرامے سے علیحدہ رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم الیکشن والے دن ملک بھر میں پرامن دھرنے دے کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔ دھرنوں میں موجودہ نظام انتخابات سے مایوس عوام کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پرعوامی تحریک کے عمر ریاض عباسی کی قیادت میں آئے ہوئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں ابرار رضا ایڈووکیٹ، غلام مصطفی نورانی، شمریز اعوان، غلام علی خان، عثمان بٹ، ایم ایچ خان، قاری ایاز اور دیگر موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو 90 دن میں الیکشن کرانا یاد رہتا ہے جبکہ آئین کے آرٹیکل 3،9،37 اور 38 کی(کلاز B) اور آرٹیکل 218 کی کلاز 3 کو ہمیشہ نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام دشمن نظام والا الیکشن قبول نہیں ہے۔ ہم اس الیکشن کو قبول کریں گے جو آرٹیکل 213 کلاز 3 کے تحت ہوں گے۔ ہم ایسی جمہوریت چاہتے ہیں جس میں جعلی ڈگری والے اور بنک ڈیفالٹرز اور بد کردار لوگوں کیلئے کوئی جگہ نہ ہو۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن آئین پاکستان کے تحت ہونا چاہیے کیونکہ ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے اسے سیاست نہیں کہا جا سکتا۔ عوامی تحریک سیاست کے خلاف نہیں لیکن سیاست کے نام پر ملک میں جو گھناؤنا کھیل ہو رہا ہے اس کا کلیتاً خاتمہ چاہتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا ایجنڈا پاکستان سے انتخابی سیاست کاخاتمہ کرنا نہیں بلکہ انتخابات کے طریقہ کار کوشفاف اور درست کرنا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک ملک میں آئینیت اور دستوریت کو بحال کرنا چاہتی ہے۔ موجودہ سیاست میں جوڑ توڑ، گالی گلوچ اور اگلا الیکشن جیتنے کے علاوہ کوئی ترجیح نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایکشن ری پلے نہیں کرپشن، استحصال، دھونس دھاندلی سے پاک آزادی اظہار رائے کا الیکشن چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی جدوجہد کی غرض و غایت آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے نہ جمہوریت کا خاتمہ، بلکہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا ایجنڈے کا پہلا اور آخری مفاد ملک اور اٹھارہ کروڑ عوام ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کامقصد اقتدار نہیں بلکہ قوم کے مستقبل کی تعمیر ہے اور قوم ڈاکٹر طاہرالقادری کے ایجنڈے سے متفق ہے۔ وقت آئے گا جب پوری قوم ڈاکٹر طاہرالقادری کے اصلاحاتی ایجنڈے کی حمایت میں کھڑی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے نتائج سے سب پر واضح ہوجائے گا کہ موجودہ نظام کے تحت ہونے والے الیکشن سے کوئی تبدیلی نہیں آ سکتی ہے۔

تبصرہ