پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ایجنڈے
کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں: قاضی احمد نعیم قریشی
عوام کو انکے حقوق دلا نے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے: ڈاکٹر رحیق احمد عباسی
لاہور: موجودہ ظالمانہ نظام انتخاب نے غریب عوام کو غربت، محرومی،خودکشی اور بے روزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا۔بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کے باعث لاکھوں مزدور بے روزگار ہو چکے ہیں۔ پچھلے 65 سالوں سے حکومت نے غریب عوام کو انکے بنیادی حقوق سے محروم رکھا ہے مگر پاکستان عوامی تحریک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں اس کرپٹ اور فرسودہ نظام انتخاب کا تختہ الٹ کر دم لے گی اور عوام کو انکے حقوق دلا نے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون لاہور میں پاکستان مزدور اتحاد کے سنیئر وائس چیئر مین قاضی احمد نعیم قریشی کی قیادت میں آئے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سیکرٹری جنرل مزدور اتحاد شوکت علی چوہدری، فضل واحد اور مزدور اتحاد اسلام آباد کے صدر پرویز اختر بھٹی بھی وفد میں شامل تھے، جبکہ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور اور جی ایم ملک بھی ملاقات میں موجود تھے۔
پاکستان مزدور اتحاد کے سنیئر وائس چیئر مین قاضی احمد نعیم قریشی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں پچھلے 65 سال سے جاری جاگیردارانہ، استحصالی اور سرمایہ دارانہ نظام کے خاتمے کیلئے پاکستان عوامی تحریک کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے ایجنڈے کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس فرسودہ نظام کی تبدیلی اور ملکی خوشحالی کیلئے 17 مارچ کو لیاقت باغ راولپنڈی میں پاکستان مزدور اتحاد کے کارکنان پاکستان عوامی تحریک کے شانہ بشانہ ہونگے۔
تبصرہ