ملکی سلامتی کا تقاضا ہے کہ کراچی میں قتل و غارت گری میں ملوث عناصر کا کھوج لگایا جائے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

کراچی میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر اظہار تشویش

پاکستان عوامی تحریک کے صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کراچی میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر اظہار تشویش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روشنیوں کے شہر کراچی کو نہ جانے کس کی نظر لگ گئی کہ کراچی جل رہا ہے، ہر طرف چیخ و پکار ہے، قتل و غارت گری ہو رہی ہے، جلاؤ گھیراؤ ہے لیکن کوئی ٹس سے مس نہیں ہو رہا۔ نااہل اور کرپٹ حکمران ذاتی مفادات اور جوڑ توڑ میں مصروف ہیں۔ جنازے اٹھانا اور اپنے پیاروں کے بچھڑ جانے پر ماتم کرنا عوام کا مقدر بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارا معاشرہ انتہا پسندی کی آگ میں جل رہا ہے اور اسکے خاتمے کیلئے کوئی منصوبہ بندی نہیں ہے۔ حکومت ہاتھوں سے مصلحت کے دستانے اتارنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی روایت کا معاشرے سے اٹھنا ایک المیہ سے کم نہیں۔ ملکی سلامتی کا تقاضا ہے کہ قتل و غارت گری میں ملوث عناصر کا کھوج لگایا جائے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے تسلسل کو ملی و قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی ایک منظم سازش ہے۔ شہر قائد کے حالات باقی ملک کو متاثر کرتے ہیں لہذا ملک کے دیگر علاقوں کو پرامن رکھنے کیلئے بھی کراچی میں امن کا قیام لازم ہے۔

تبصرہ