الیکشن کمیشن نے جن 52اراکین کو جعلی ڈگری کی بنا پر نا اہل قرار
دیا ہے انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت نہ دی جائے
جعلی ڈگری والوں کو کھلی چھٹی دینا الیکشن کمیشن کے غیر جانبدارانہ کردار کو مزید مشکوک
کردے گا
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آزادانہ، صاف شفاف، غیر جانبدارانہ اور منصفانہ انتخابات کیلئے تمام وسائل برئوے کار لائے۔ تمام اداروں اور شہریوں پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے الیکشن کمیشن کی مدد کریں۔ جعلی ڈگری ہولڈرز کو ناہل قرار دینا عدلیہ اور الیکشن کمیشن دونوں اداروں کی ذمہ داری ہے۔ الیکشن کمیشن نادہندگان، کرپٹ اور جرائم میں ملوث افراد کو انتخابی عمل سے نکال باہر کرے تا کہ ملک میں شفاف اور آزادنہ انتخابات کی راہ ہموار ہو۔ الیکشن کمیشن نے جن 52 اراکین کو جعلی ڈگری کی بنا پر نا اہل قرار دیا ہے انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت نہ دی جائے۔ ایسے حالات میں کہ جب الیکشن کمیشن کی آئینی تشکیل پر ہی تحفظات موجود ہیں جعلی ڈگری والوں کو کھلی چھٹی دینا الیکشن کمیشن کے غیر جانبدارانہ کردار کو مزید مشکوک کردے گا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے چوہدری افضل گجر کی قیادت میں آئے پاکستان عوامی تحریک این اے 49 کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اشتیاق میر ایڈووکیٹ، منیراعجاز، سیدبشیرحسین شاہ اور دیگر بھی موجودتھے۔
انہوں نے کہا کہ جعلی ڈگریوں کے معاملے پر الیکشن کمیشن کے اقدامات سے یوں محسوس ہوتا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ایک بار پھر تعلیم سے بے بہرہ، مفاد پرست لٹیروں کے ہاتھوں قوم کو یر غمال بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر ملکی مسائل کی اصل وجہ جہالت اور شعور کی دولت سے محرومی ہے۔ فروغ تعلیم اور جہالت کے خاتمے سے ہی پاکستانی قوم کا مقدر سنور سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یقیناً ایسے حالات میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کردار جانبدارانہ اور مشکوک نظر آتا ہے۔ معاشرے کے 2 فی صد طبقے، کروڑوں کے اخراجات، وننگ ہارسز، کرپشن، غنڈہ گردی موروثی سیاست اور بے منشور سیاست کے روڑوں پر کھڑے نظام کو زمین بوس کئے بغیر ملک میں حقیقی جمہوریت کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ عوام کو ایسے نظام کی اینٹوں سے جمہوریت کی عمارت تعمیر کرنا ہو گی جو عوامی امنگوں کی مٹی سے بنی ہوں۔ حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی مایوس کن ہے جس نظام کو بچانے کیلئے مقتدر طبقہ ایک ہے حقیقت میں وہی ملک و قوم کا اصل دشمن ہے۔
ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ عوام کو چار چار دفعہ بے وقوف بنانے والے استحصالی نظام کو بچانے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں۔ موجودہ انتخابی نظام اور مقتدر طبقہ ایک دوسرے کی وجہ سے بچے ہوئے ہیں۔ سیاست کو کھیل کا میدان سمجھنے والے موجودہ نظام کے تحت خود بھی مایوس ہوں گے اور قوم کو بھی مایوس کریں گے۔ پاکستان عوامی تحریک کی بیداری شعور مہم نظام کی تبدیلی کیلئے موثر بنیاد بنا رہی ہے اور آنے والے وقت میں ملک میں حقیقی تبدیلی کا باعث ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک ملک میں تعلیمی انقلاب کیلئے سرگرم عمل ہے۔ جاہل، بے شعوروں، ٹیکس چوروں، جعلی ڈگری والوں کے خلاف الیکشن کمیشن کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
تبصرہ