امجد ملک نامی شخص کی دائر کردہ پٹیشن سوائے جھوٹ کے پلندے کے کچھ نہیں۔ راجہ جمیل اجمل

منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے عطیات سے بلٹ پروف گاڑی خریدنے کا الزام قطعی بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہے۔
جھوٹی پٹیشن دائر کرنے والا شخص ایک سیاسی جماعت کا ورکر ہے۔
امجد ملک نامی شخص کی دائر کردہ پٹیشن سوائے جھوٹ کے پلندے کے کچھ نہیں۔ راجہ جمیل اجمل

لاہور: منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر راجہ جمیل اجمل نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت اور اسلام کی حقیقی تعلیمات کے فروغ کیلئے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے سر پرست اعلی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا کردار ساری دنیا کیلئے مشعل راہ ہے مگر کم علم اور جاہلوں نے ہمیشہ ہی سے ان سے حسد کا وطیرہ رکھا ہے۔

راجہ جمیل اجمل نے بیرسٹر امجد ملک نامی شخص کے حوالے سے مختلف اخبارات میں چھپنے والے اخباری بیانات کی پر زور الفاظ میں مذمت اور تردید کرتے ہوئے واضح کیا کہ جھوٹی پٹیشن دائر کرنے والا یہ شخص ایک سیاسی جماعت کا ورکر ہے یہ ساری لغویات اور پراپیگنڈہ حسد کی بنا پر کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امجد ملک نامی یہ شخص پنجاب کے وزیر اعلی کا انگلینڈ میں لیگل ایڈوائزر ہے اور اس شخص کے میاں برادران کے ساتھ گہرے مراسم ہیں۔ امجد ملک نامی یہ سیاسی ورکر اکثر میاں بردران کے ساتھ مختلف مقامات پر پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے عطیات سے بلٹ پروف گاڑی خریدنے کا الزام قطعی بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے لغو اور جھوٹے الزام کو رد کرتے ہیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن فلاح انسانیت اور تکریم انسانیت کی ایک عظیم اور عالمگیر تنظیم ہے۔ جو پاکستان سمیت دنیا بھر میں بلا امتیاز رنگ و نسل و مذہب شب وروز خدمت انسانی میں مصروف عمل ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو موصول ہونے والے عطیات کو سیاسی مقاصد تو دور کی بات کبھی تحریک کے تنظیمی و انتظامی امور پر بھی خرچ نہیں کیا گیا۔ امجد ملک نامی شخص کی دائر کردہ پٹیشن سوائے جھوٹ کے پلندے کے کچھ نہیں۔

تبصرہ