کوئٹہ کو فوج کے حوالے کرنے کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں
رحیق احمد عباسی کی گورنر ہاؤس لاہور کے سامنے سانحہ کوئٹہ کے حوالے سے دھرنے میں شرکت
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے گورنر ہاؤس لاہور کے سامنے سانحہ کوئٹہ کے حوالے سے دھرنے میں شرکت کی۔ وفد میں خرم نواز گنڈا پور، فیاض وڑائچ، ساجد محمود بھٹی، خالد حسینی، عبد الحفیظ چوہدری اور قاضی محمود شامل تھے۔
ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں امن کی بحالی کیلئے حکومت کی تمام تر کوششیں ناکام ہو چکی ہیں۔ لہذا کوئٹہ کو فوج کے حوالے کرنے کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت پر یقین رکھنے والی ہر آنکھ کوئٹہ سانحہ پر اشکبار ہے۔ اندوہ ناک سانحہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے کارکنان غم کی اس گھڑی میں شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں بالخصوص کراچی اور کوئٹہ میں امن ناپید اور قیام امن کے حکومتی دعوے ناکام ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معصوم انسانی جانوں سے کھیلنے والے درندوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ بلکہ یہ انسانیت کے ماتھے پر بدنما داغ ہیں۔ حکومت فوری طور پر مصلحت کے دستانے اتار کر ان شرپسندوں کا قلع قمع کرے۔
تبصرہ