آئین کے آرٹیکل 62,63 کا شعور ہر پاکستانی کو مل چکا، الیکشن 62,63
کے مطابق ہوں گے۔
ملک میں آئین، قانون اور جمہوریت کے حقیقی استحکام کیلئے ساری قوم کو گھروں سے نکلنا ہوگا:
ڈاکٹر رحیق احمد عباسی
لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ 15 فروری (جمعہ) کو گوجرانوالا، 17فروری(اتوار) کو فیصل آباد، 22 فروری (جمعہ) کو ملتان، 24 فروری (اتوار) کو پشاور، یکم مارچ (جمعہ) کو سکھراور 10 مارچ (اتوار) کو راولپنڈی میں انقلاب مارچ ہو نگے جن کا اختتام جلسوں کی صورت میں ہو گا۔ جس انقلابی جدوجہد کا آغاز 23 دسمبر مینار پاکستان کے جلسے اور 14 جنوری کے لانگ مارچ کو ہوا تھا وہ جاری رہے گی۔اسی تسلسل کے پہلے مرحلے میں ملک بھر میں انقلاب مارچ کئے جائیں گے۔ گذشتہ 65 سال سے آئین کے آرٹیکل7 3 اور 38 کی مسلسل خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ انتخابی اصلاحات کے ساتھ آئین کے ان دو آرٹیکلز کی بحالی بھی ہمارے ایجنڈے کا حصہ ہو گی۔ افوج پاکستان اور عدلیہ ملک میں جمہوریت کے استحکام کیلئے کوشاں ہیں، فوج مارشل لاء نہیں چاہتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرسیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور، مرکزی سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض الاسلام، عبد الحفیظ چودھری ساجد محمود بھٹی، جواد حامد اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ پاکستانی معاشرے کو ہر قسم کے استحصال سے پاک کرنا پاکستان عوامی تحریک کی منزل ہے۔ ملک میں آئین، قانون اور جمہوریت کے حقیقی استحکام کیلئے ساری قوم کو گھروں سے باہر نکلناہو گا۔ آئین کے آرٹیکل 62,63 کا شعور ہر پاکستانی کو مل چکا ہے اس لئے آئیندہ الیکشن 62,63 اور آئین کے آرٹیکل 218-3 کے مطابق ہوں گے اور امیدواروں کو 30 دن کی سکروٹنی کے عمل سے بھی لازمی گزرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کسی اور رابطے کی بجائے عوام سے رابطے پر یقین رکھتی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کا چیلنج ہے کہ اتنا بڑا پر امن مارچ اور تاریخی دھرنا کوئی اور پارٹی کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتی۔ ڈاکٹررحیق احمد عباسی نے کہا کہ عوام کے حقوق کی جنگ ڈنکے کی چوٹ پر عوام میں جا کر لڑیں گے۔
تبصرہ