ڈاکٹر طاہرالقادری نے الیکشن کمیشن کی تشکیل نو کے لئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی

الیکشن کمیشن کی ازسرنو تشکیل کے لئے آئین کے مطابق اقدامات کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری
سپریم کورٹ کا جو بھی فیصلہ آیا ہمیں قبول ہوگا اسلام آباد

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے الیکشن کمیشن کی تشکیل نو کے لئے گزشتہ روز سپریم کورٹ آف پاکستان میں درخواست دائر کردی۔ درخواست جمع کرانے کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ازسرنو تشکیل کے لئے آئین کے مطابق اقدامات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے آئین میں آرٹیکل 218 الیکشن کمیشن کو ڈیل کرتا ہے۔ جو کہتا ہے کہ پانچ ارکان پر مشتمل الیکشن کمیشن ہوگا اور آرٹیکل 218 میں ہے کہ الیکشن کمیشن کی تشکیل آرٹیکل 213 کے تحت ہونی چاہیئے، آرٹیکل 213 کے مطابق الیکشن کمیشن کے پانچوں ممبران کے لئے تین 3 نام بھجوائیں گے اور وہ نام پارلیمانی کمیٹی کے سامنے پیش کئے جائیں گے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاکہ آرٹیکل 213 کے تحت پارلیمنٹ ان تمام لوگوں کو بلاکر ان کی سماعت کرے گی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے مزید کہا کہ آئین کے مطابق اہل افراد کو الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے گی اور یہ کیس چنددنوں میں نمٹ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کے ارکان کی تقرری میں 7 دن سے زائد نہیں لگیں گے، آئین نے پابند بنایا ہے کہ تقرری سے پہلے سماعت کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پارلیمانی کمیٹی آئینی آئینی طریقہ کار اختیار کرے تو منظور ہوگا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ہماری درخواست دائر ہوگئی ہے اس پر سپریم کورٹ نے جو بھی فیصلہ دیا ہم اس کو قبول کریں گے۔

تبصرہ