موجودہ نظام انتخاب کے خلاف لاہور سے شروع ہونے والی تحریک پوری قوم کا مقدر بدلے
گی
23 دسمبر بھی23 مارچ کی طرح تاریخ کے صفحات میں امر ہو جائے گا
ڈاکٹر حسن محی الدین القادری کی 23 دسمبر کے حوالے سے مرکز ی کمیٹی کے اجلاس میں
گفتگو
تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے صدر ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے کہا ہے کہ فرسودہ کرپٹ اور استحصالی نظام انتخاب کے خاتمہ کی نتیجہ خیز جدوجہد کے آغاز میں 72 گھنٹے رہ گئے ہیں۔ مینار پاکستان میں 23 دسمبر کو عوامِ پاکستان کے تاریخی اجتماع کا نظارہ دیکھ کر ملک کا محب وطن طبقہ مایوسی کے اندھیروں سے نکل کر ایک نئے ولولے کے ساتھ ڈاکٹر طاہرالقادری کے قافلے کا ہمسفر ہو جائے گا۔ 23 دسمبر 23 مارچ کی طرح تاریخ کے صفحات میں امر تو ہو گا ہی مگر آنے والی نسلوں کا مستقبل بھی تابناک ہو جائے گا۔ 23 دسمبر کا دن پاکستان کو لاحق خطرات کے رخصت ہو نے کا دن ہوگا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری ایک ایسی فکر کا نام ہے جسکا خمیر آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نعلین کی دھول سے اٹھا ہے۔ پاکستان کو میثاق مدینہ کے دستور کے مطابق ایسی فلاحی ریاست بنانا مقصود ہے جس پر عالم اسلام رشک کرسکے۔ بہت جلد پوری دنیا دیکھ لے گی کہ پاکستان معاشی و سیاسی برتری کا سفر کس تیزی سے طے کرتا ہے۔
وہ گذشتہ روز 23 دسمبر کے حوالے سے مرکزی کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر حسین محی الدین القادری، ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، شیخ زاہد فیاض، علامہ صادق قریشی، علامہ رفیق حبیب، سہیل صدیقی، احمد نواز انجم اور دیگر مرکزی و صوبائی قائدین بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے کہا کہ قوم چند دن بعد جان لے گی کہ پاکستانی قوم کا مسیحا کون ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام انتخاب کے خلاف لاہور سے شروع ہونے والی تحریک پوری قوم کا مقدر بدل دے گی۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان کو ضروری ہدایات بھی دیں۔
تبصرہ