23 دسمبر کو مینار پاکستان میں ڈاکٹر طاہرالقادری کے استقبالی جلسے کے حوالے سے ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی پریس کانفرنس

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے استقبال کیلئے تاریخ پاکستان کے سب سے بڑے عوامی اجتماع میں صرف 4 دن باقی رہ گئے ہیں۔ پورے مینار پاکستان کو پنڈال ڈکلیئر کر دیا گیا ہے۔ مینار پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے سٹیج کی تیاریاں گذشتہ دو روز سے جاری ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کے تاریخی اور فقید المثال استقبال  کیلئے لاکھوں مردوخواتین پورے ملک سے پہنچیں گے۔ خواتین کیلئے الگ پنڈال بنایا گیا ہے۔ پنڈال میں ایک بھی کرسی نہیں لگائی جائے گی۔اہل لاہور لاکھوں کی تعداد میں مینار پاکستان پہنچ کر پورے ملک سے آنے والے عوامی سیلاب کی میزبانی کا حق ادا کریں گے۔ مینار پاکستان میں ہونیوالے جلسے میں تاجر تنظیموں کے نمائندے، اساتذہ تنظیمیں، وکلاء، کسان، مزدوروں کی تنظیمیں، مختلف این جی اوز اور مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد لاکھوں کی تعداد میں شرکت کریں گے۔ مینار پاکستان میں ہر کوئی قومی پرچم لے کر آئے گا، کسی کو اپنی پارٹی کا پرچم لے کر آنے کی اجازت نہ ہو گی۔ قومی پرچم کے ساتھ لاکھوں افراد کا استقبال  کیلئے آنا بھی ایک منفرد مثال ہو گی۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے سیاست نہیں ریاست بچاؤ ایجنڈے کی حمایت میں ملک بھر سے مشائخ عظام اور پیران کرام نے اپنے ہزاروں مریدین سمیت مینار پاکستان پہنچنے کی یقین دھانی کرائی ہے۔ لاہور اور دیگر شہروں کے ٹی ایم اوز  کی طرف سے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے استقبال کیلئے عوام کی طرف سے لگائے گئے بینرز اور ہورڈنگز اتارنے پر انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ عوام ایسے اوچھے اور منفی ہتھکنڈوں کو خاطر میں نہیں لارہے۔ 23 دسمبر  کو موجودہ فرسودہ اور کرپٹ نظام انتخاب عوامی سیلاب کے سامنے تنکوں کی طرح بہہ جائے گا۔ مینار پاکستان میں پانچوں صوبوں کی نمائندگی ہو گی اور متفقہ طور پر موجودہ نظام انتخاب کو مسترد کیا جائے گا  کیونکہ یہ ملک پاکستان کا اصل دشمن ہے۔

وہ گذشتہ روز لاہور پریس کلب میں 23 دسمبر کے جلسے کے حوالے سے اہم پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ اس موقع پر سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، لاہور کے امیر ارشاد طاہر، جی ایم ملک، قاضی فیض الاسلام اور دیگر مرکزی و صوبائی قائدین بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا  کہ 23 دسمبر حقیقت میں نیا 14 اگست 1947 ہو گا اور 23 مارچ 1940  کی یاد بھی تازہ ہو جائے گی۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ریاست بچانے کیلئے جس مکمل ایجنڈے کا اعلان  کریں گے وہ 19 کروڑ عوام پر مشتمل مختلف طبقات کے دل کی آواز ہو گا۔ قائداعظم رحمۃ اللہ علیہ  کے پاکستان کی تشکیل کی جدوجہد کے آغاز میں صرف 4 روز باقی ہیں۔ اور ہر کان مینار پاکستان میں ابھرنے والی ڈاکٹر طاہرالقادری کی آواز کو سننے کیلئے  بے تاب ہے۔

تبصرہ