طلباء موجودہ کرپٹ سسٹم کے خلاف بغاوت کردیں
اس وقت پوری قوم کو دھوکہ دینے کا نام سیاست ہے
میڈیا شعور کی بیداری میں ہمارا ساتھ دے
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (MSM) جنوبی پنجاب کے صدر صائم مصطفوی کا طلباء سے خطاب
طلباء موجودہ کرپٹ سسٹم کے خلاف بغاوت کردیں۔ اس وقت پوری قوم کو دھوکہ دینے کا نام سیاست ہے۔ میڈیا شعور کی بیداری میں ہمارا ساتھ دے۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری سیاست نہیں ریاست بچانے پاکستان آ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (MSM) جنوبی پنجاب کے صدر صائم مصطفوی نے بہاولپور کے طلباء سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ اس موقع پر حافظ محمد ادریس، انصر علی قادری، محمد کلیم قریشی، ہارون گجر اور محمد عاصم بھی موجود تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ نام نہاد جمہوریت کے باعث ملک معاشی طور پر تباہ ہو گیا ہے۔ نظام کی خرابی کے با عث کرپشن، تباہی اور بربادی نے جنم لے لیا ہے۔ ورلڈ آڈٹ کی رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی سطح پر کر پٹ ممالک کی فہرست میں پا کستان 116 ممالک کو پیچھے چھوڑتے ہو ئے 117 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ کر پٹ ممالک کی فہرست میں بھارت، بھوٹان،سری لنکا، ایتھوپیا، بنگلہ دیش، زمبابوے، نائیجیریا اور منگولیہ پا کستان سے کم کرپٹ جبکہ پاکستان دنیا کے 116 ممالک سے زیادہ کرپٹ ہے۔ یہ رپورٹ ہر ذی شعور پا کستانی کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ اگر میڈیا ہمارا ساتھ دے تو موجودہ کرپٹ سسٹم اور اس سسٹم کو بچانے والوں کے کارنامے عوام کے سامنے پیش کر کے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کر دیں گے۔
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (MSM) کے نوجوان شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 23 دسمبر کو آمد سے قبل طلباء کے ذریعے بیدارئ شعور کا پیغام گھر گھر پہنچا دیں گے اور لوگوں کے اندر موجودہ نظام کے خلاف نفرت پیدا کر دیں گے۔ ملک کی تقدیر اس وقت دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کے ہاتھ میں ہے اس لیے بیرونِ ملک سے کوئی بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے تیار نہیں، جس وجہ سے پاکستان معاشی طور پر تباہ ہو گیا ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سیاست میں حصہ لینے نہیں بلکہ ریاست کو بچانے کے لیے پاکستان آ رہے ہیں۔ اگر ہم عزت سے زندہ رہنا چاہتے ہیں تو ہمیں حضرت امام حسین علیہ السلام کی روش پر چلنا ہو گا اور اگر ذلت کی موت چاہتے ہیں تو یزید کے طرزِ عمل کو جاری ر کھنے میں کوئی حرج نہیں۔
تبصرہ