سیاست ذاتی مفادات کی صلیب پر لٹکی اپنی بے بسی کا تماشہ دیکھ رہی
اچھی مائیں بننے کیلئے سیدہ زہرہ رضی اللہ عنہا کے قدموں کی دھول کو آنکھوں کا سرمہ
بنانا ہو گا
ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی وطن آمداستحصالی، منافقانہ اور کرپٹ نظام کے خاتمہ کا باعث
ہو گی
نوشابہ ضیاء کا ماڈل ٹاؤن میں پیغام حسین رضی اللہ عنہ سیمینار سے خطاب
معاشرے میں دجالی اور یزیدی فتنے سر اٹھائے دکھائی دیتے ہیں ان کا خاتمہ حسینی کردار کے بغیر نہیں کیا جا سکتا۔ حسینی کردار کی حامل نسل تیار کرنے کیلئے ماؤں کو سراپا قربانی بن کر اپنی اولاد کی تربیت حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کی تعلیمات سے اکتساب شعور کر کے کرنا ہو گی۔ حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کے اسوہ حسنہ پر عمل کر کے ہی فرد، خاندان اور معاشرہ انسانیت کیلئے خیر اور فلاح کا باعث بن سکتا ہے۔ اچھی مائیں بننے کیلئے سیدہ زہرہ رضی اللہ عنہا کے قدموں کی دھول کو آنکھوں کا سرمہ بنانا ہو گا۔
ان خیالات کا اظہار مرکزی ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ نوشابہ ضیاء نے ماڈل ٹاؤن میں پیغام حسین رضی اللہ عنہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے کردار سے حسینی خوشبو تب آئے گی جب مائیں ان کی تربیت پر خصوصی توجہ دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا المیہ ہے کہ مسلمان معاشرے میں یزیدی رویوں کی بہتات ہو چکی ہے۔ ہمارا سکون لٹ چکا ہے۔ دہشت گردی اور عدم تحفظ کے عفریت نے ہماری زندگیوں کا چین لوٹ لیا ہے۔ مذہبی اقدار رسم بن گئی ہیں۔ ہمارے ملک کی سیاست ذاتی مفادات کی صلیب پر لٹکی اپنی بے بسی کا تماشہ دیکھ رہی۔ آج ریاست پاکستان کو خطرات لاحق ہیں اسے بچانے کیلئے حسینی کردار کے حامل لیڈر کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی وطن آمد استحصالی، منافقانہ اور کرپٹ نظام کے خاتمہ کا باعث ہو گی اور ملک استحکام اور خوشحالی کا آنگن بن جائے گا۔
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (طالبات ) کی صدر شاکرہ چوہدری نے کہا کہ ملکی سیاست کو یزیدی رویوں سے پاک کرنے کیلئے ہر فرد کو من کی دنیا میں انقلاب لانا ہو گا۔ باطن بدلے گا تو معاشرے میں مثبت رویوں کی بہتات ہو گی۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کردار سیدہ زہرہ رضی اللہ عنہا کے نقوش گھر گھر ثبت کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ وہ دن دور نہیں جب پاکستان حسینیت کے شعور سے لبریز ہو جائے گا۔
تبصرہ