استحکام پاکستان کیلئے آج علماء کو تحریک پاکستان والا کردار دھرانا ہو گا : فرحت حسین شاہ

نوجوان نسل کا مذہب پر اعتماد کو بحال کرنے کیلئے علماء قول و فعل کے تضاد کو ختم کریں
مسلکی اختلافات کو زحمت بنانے کی بجائے مشترکات پر اکٹھا ہونا ہو گا
تحریک منہاج القرآن نے پوری دنیا میں علم کے کلچر کو رواج دیا ہے
منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم علامہ سید فرحت حسین شاہ کا اجلاس سے خطاب

استحکام پاکستان کیلئے آج علماء کو تحریک پاکستان والا کردار دھرانا ہو گا۔ مسلکی اختلافات کو زحمت بنانے کی بجائے مشترکات پر اکٹھا ہونا ہو گا۔ اندھے فتوؤں کی لاٹھی توڑ کر تحقیق کا رویہ اختیار کر نے کی ضرورت ہے۔ نوجوان نسل کا مذہب پر اعتماد کو بحال کرنے کیلئے ضروری ہے کہ علماء قول و فعل کے تضاد کو ختم کریں۔ تحریک منہاج القرآن نے پوری دنیا میں علم کے کلچر کو رواج دیا ہے اور دین اسلام کی حقیقی تعلیمات کے عالمگیر فروغ پر محنت کی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے امت مسلمہ کا وکیل ہونے کا حق ادا کر دیا ہے۔ آج ان کی فکر کو پوری دنیا میں اس لئے قبولیت مل رہی ہے کہ انہوں نے پوری امت کو ایک جسد بنانے کیلئے انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔ تنگ نظری اور انتہا پسندی کے خلاف انہوں نے دلیل کی طاقت سے فتح حاصل کی ہے۔ ان کی فکر کو فروغ دینا علماء کی ذمہ داری ہے کیونکہ شیخ الاسلام ذات کا نہیں اسلام کی حقیقی فکر کا دوسرا نام ہے۔

ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم علامہ سید فرحت حسین شاہ نے منہاج القرآن علماء کونسل پنجاب کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علامہ امداد اللہ خان قادری، علامہ محمد حسین آزاد الازھری، علامہ آصف اکبر میر، علامہ محمد عثمان سیالوی، علامہ ممتاز صدیقی اور علامہ غلام اصغر صدیقی سمیت دیگر علماء کرام بھی موجود تھے۔ ناظم علماء کونسل پنجاب علامہ میر آصف اکبر نے کہا کہ علماء کا فریضہ معاشرے میں مثبت اور تعمیری قدروں کا فروغ ہے۔ تحقیق اور ریسرچ کے عمل سے اعلیٰ کردار جنم لیتا ہے مگر معاشرے کی غالب اکثریت نے اس سے منہ موڑ لیا ہے جس سے تنگ نظری اور انتہا پسندی نے جنم لیا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ درس نظامی کے نصاب کو اپ ڈیٹ کیا جائے اور اسے معاشرے کے جدید رجحانات کے مطابق ڈھالا جائے، اسے ترتیب دیتے ہوئے تقلید کے ساتھ اجتہادی اپروچ کو ملحوظ رکھا جائے۔

ناظم لاہور علامہ ممتاز حسین صدیقی نے کہا کہ معاشرے میں تربیت کے عمل کو فروغ دینا ضروری ہے اس کیلئے منہاج القرآن کے عرفان القرآن کورس اور آؤ دن سیکھیں کورس کو عام کرنے میں علماء اپنا کردار ادا کریں۔

تبصرہ