موجودہ انتخابی نظام کے خلاف موثر جنگ لڑ کر ہی عوام اپنے بنیادی حقوق کا خواب شرمندہ تعبیر کر سکتے ہیں۔
تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کی بازگشت غریب سے جینے کا حق چھیننے کے مترادف ہوگا۔ موجودہ حکومت تسلسل کے ساتھ ایسے اقدامات کر رہی ہے جس سے غیرب کا جینا دو بھر ہو گیا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی جائے۔ پاکستان کے عوام مسلسل اضافے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن پنجاب کے امیر احمد نواز انجم کی قیادت میں آئے وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جبکہ اس موقع پر جی ایم ملک، توقیر گیلانی، افتخار بخاری اور سید فرحت حسین شاہ بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ ہر آنے والا دن عوام کی حالت کو پتلی کر رہا ہے اور مقتدر طبقے کے کان پر جوں بھی نہیں رینگ رہی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ انتخابی نظام کے خلاف موثر جنگ لڑ کر ہی عوام اپنے بنیادی حقوق کا خواب شرمندہ تعبیر کر سکتے ہیں۔ 2 فی صد مقتدر طبقہ جو پاکستان کے چند خاندانوں پر مشتمل ہے اسکی ترجیحات میں عوام نہیں ہیں۔ موجودہ انتخابی نظام کے خلاف وطن عزیز کے تمام طبقوں کو موثر جدوجہد کرنا ہو گی کیونکہ اسکی تبدیلی کے بغیر پٹرول، بجلی، گیس، پانی اور بنیادی اشیائے ضروریہ کا مسئلہ کبھی حل نہ ہو گا اور نہ ہی ملکی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کی نظام کی تبدیلی کی جدوجہد میں تمام طبقات کو شامل ہونا ہو گا۔
تبصرہ