پشاور میں بم دھماکے کی شدید ترین مذمت کرتے ہیں: ڈاکٹر محمد طاہر القادری

دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے ناسور کے علاج کیلئے فکری، علمی اور عملی کام کرنے کی ضرورت ہے

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے پشاور میں بم دھماکے کی شدید ترین مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانیت کے قاتل کسی رعائت کے مستحق نہیں، یہ اسلام اور پاکستان کے کھلے دشمن ہیں۔ ایسے عناصر انسانیت کے ماتھے پر بدنما داغ ہیں اور ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کی بدترین لہر پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس ناسور کے علاج کیلئے فکری، علمی اور عملی کام کرنے کی ضرورت ہے۔ امن سے محبت رکھنے والوں کو دہشت گردی کے خلاف متحرک ہونا ہو گا۔ حکومت سطحی اقدامات کی بجائے دہشت گردی کے خلاف ٹھوس اور انتہائی سخت پالیسی بنائے اور مصلحتوں سے تائب ہو کر انسان نما درندوں کا سر کچل دے جو آئے روز انسانی خون سے ہولی کھیلتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ دہشت گردانہ کارروائیوں کا تسلسل ملکی معیشت اور سلامتی دونوں کیلئے خطرناک ہے اس لئے اس کے تسلسل کو ہر صورت روکنا ہو گا۔ عالمی سطح پر پاکستان غیرمحفوظ ریاست کے طور پر جانا جاتا ہے جو اسکی معیشت کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ اس لئے حکومت انتہائی سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کرے۔ انہوں نے پشاوربم دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔

تبصرہ