حرمین شریفین کے بعد اسلامی دنیا کا سب سے بڑا شہر اعتکاف امسال بھی آباد ہو گا : شیخ زاہد فیاض

ہزاروں مرد خواتین الگ الگ جگہوں پر معتکف ہوں گے، بیرونی دنیا سے بھی خصوصی وفود مسنون اعتکاف بیٹھیں گے
60 انتظامی کمیٹیاں بنا دی گئیں، گرمی کے موسم میں معتکفین کو سہولیات کی فراہمی کیلئے خصوصی انتظامات
سربراہ اعتکاف 2012ء شیخ زاہد فیاض کی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان کے اجلاس سے گفتگو

حرمین شریفین کے بعد اسلامی دنیا کا سب سے بڑا شہر اعتکاف ٹاؤن شپ کی جامع المنہاج میں امسال بھی آباد ہو گا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری روزانہ درس تصوف دیں گے۔ ہزاروں مرد خواتین الگ الگ جگہوں پر معتکف ہوں گے۔ بیرونی دنیا سے بھی خصوصی وفود مسنون اعتکاف بیٹھیں گے۔ سحری و افطاری کیلئے فی کس 1200 روپے ایڈوانس جمع کرانے کیلئے تحریک منہاج القرآن کی ملک بھر کی تنظیمات نے خصوصی ڈیسک قائم کر دئیے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر اعتکاف ڈیٹا مرکزی سیکرٹریٹ کو موصول ہو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اعتکاف 2012ء کے سربراہ اور تحریک منہاج القرآن کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے شہر اعتکاف کی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سیکرٹری جواد حامد نے تنظیمات سے وصول شدہ ڈیٹا کی تفصیلات سے ہاؤس کو آگاہ کیا۔ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ شہر اعتکاف کا انعقاد بلاشبہ سعادت کے ساتھ بہت بڑا چیلنج بھی ہوتا ہے اور اسکے لئے 60 کمیٹیاں بنائی گئی ہیں جو ضروری امور میں معاونت کیلئے کنٹرول روم کے ذریعے ایک دوسرے سے منسلک رہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حبس اور گرمی کے موسم میں معتکفین کو سہولیات کی فراہمی کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ سحری و افطاری کی بر وقت تقسیم کا بھی مربوط نظام بنایا گیا ہے۔ انفرادی اور اجتماعی معمولات کیلئے منہاج القرآن کے سکالرز کو خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے۔ تربیتی حلقوں میں اعتکاف کی اہمیت کے پیش نظر سوال و جوابات کی نشستیں بھی رکھی گئی ہیں۔

تبصرہ