فرقہ واریت کے مسئلے کو سمجھداری سے سلجھانے کیلئے نظام تعلیم میں
بنیادی تبدیلی کی ضرورت ہے
والدین بچوں کی تعلیم و تربیت اسلامی روح کے مطابق کریں، دین اسلام ترجیحاًً سب سے
اوپر ہونا چاہیے
منہاج القرآن یوتھ لیگ کے عہدیداران کے اجلاس سے چوہدری بابر علی کا خصوصی خطاب
منہاج القرآن یوتھ لیگ کے صدر چوہدری بابر علی نے کہا ہے کہ سیاست اور معیشت سمیت زندگی کے ہر شعبہ میں آج کی مسلم دنیا کے زوال پذیر ہونے کی بڑی وجہ اتحاد کا فقدان ہے، فرقہ پرستی نے اتحاد کا شیرازہ بکھیر دیا ہے۔ امت مسلمہ میں کسی مثبت تبدیلی اور انقلاب کے راستے کی رکاوٹ مسلم قیادت کے فرقہ ورانہ رجحانات اور وابستگیاں ہیں۔ مسلم ممالک میں پھیلی فرقہ واریت اور خانہ جنگی نے نوجوان نسل کو مایوس اور نا امید کر دیا ہے۔ نوجوان مسائل کا حل ڈھونڈنے نکلتے ہیں تو انہیں فرقہ ورانہ تعصب کی راہ دکھا دی جاتی ہے۔ آج ایسے عناصر کو بے نقاب کرنا ہو گا جو چیزوں کو مبہم اور دھندلا کر رہے ہیں۔ فرقہ واریت کے مسئلے کو سمجھداری سے سلجھانے کیلئے نظام تعلیم میں بنیادی تبدیلی کی ضرورت ہے۔ وہ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے عہدیداران کے اجلاس سے خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ اس مو قع پر طیب ضیاء، محمد رفیق صدیقی، مدثر فاروق، میاں کاشف اور علی حسن چوہدری بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کی تعلیم و تربیت اسلامی روح کے مطابق کریں اوردین اسلام ترجیحاًً سب سے اوپر ہونا چاہیے۔ چوہدری بابر علی نے کہا کہ ہمیں ایسی افرادی قوت کی ضرورت ہے جو دینی اور دنیاوی دونوں علوم پر دسترس رکھتی ہو۔ یہ مقصد پانے کیلئے تعلیمی اداروں کو جدیدخطوط پر ڈھالنا ہو گا۔ بلاشبہ یہ کٹھن منزل ہے مگر صاف نیت سے مقصد کے حصول کا تہیہ کر لیا جائے تو کا میابی ہی مقدر ہو گی۔ اس سمت میں پوری امت کو مشترکہ جدو جہد کرنا ہو گی تا کہ کھویا ہوا عروج دوبارہ پا یا جا سکے۔ انہوں نے طالب علموں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ ملک اور امت کیلئے مثبت اور یادگار کردار ادا کرنے کے متمنی ہیں تو انہیں علم نافع کے حصول پر محنت کرنا ہو گی۔ ریسرچ کو اوڑھنا بچھونا بنانا ہو گا اور اسلاف کے علوم سے رہنمائی لے کر تجدیدی سوچ سے آگے بڑھنا ہو گا۔
تبصرہ