قرآن حکیم کی جامعیت اور لازوال حکمت اسے انسانی ساختہ نظاموں سے ممتاز کرتی ہے : علامہ لطیف مدنی

قرآن حکیم عالم انسانیت کیلئے کتاب ہدایت ہے، ہر فرد ہر سطح کی ہدایت قرآن حکیم سے حاصل کر سکتا ہے
علامہ رانا محمد ادریس اور علامہ لطیف مدنی کا منہاج یونیورسٹی میں منعقدہ سیمینار سے خطاب

قرآن حکیم عالم انسانیت کیلئے کتابٍ ہدایت ہے اور قیامت تک اس کے اسرار ظاہر ہوتے رہیں گے۔ ہر فرد اور معاشرہ قرآن حکیم سے ہدایت حاصل کر سکتا ہے بشرطیکہ وہ ہدایت طلبی کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے قرآن حکیم سے رجوع کرے۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یہ وہ معجزہ ہے جس کا فیض اپنے متن، معانی اور تاثیر کے لحاظ سے آج بھی اسی طرح موجود اور جاری ہے جس طرح آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مبارک زمانے میں تھا۔

ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس نے منہاج یونیورسٹی میں منعقدہ سیمینار بعنوان ’’قرآنی فیوضات کا معجزانہ تسلسل‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پرنسپل ڈاکٹر عبید اللہ رانجھا، چوہدری محمد علی، ڈاکٹر ظہور اللہ الازہری، ڈاکٹر اصغر جاوید اور جی ایم ملک بھی موجود تھے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے معروف مذہبی سکالر اور تحریک منہاج القرآن کے سینئر نائب ناظم دعوت علامہ محمد لطیف مدنی نے کہا کہ قرآن حکیم کا معجزہ ختم نبوت کی دلیل اور اساس بھی ہے۔ اب انسانیت کو کبھی بھی کسی نبی کی ضرورت پیش نہیں آئے گی کیونکہ ہدایت کیلئے ان کے پاس آخری الہامی کتاب قرآن حکیم موجود ہے جو رسالت محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی جامعیت اور کاملیت کی علامت ہے۔

علامہ لطیف مدنی نے کہا کہ قرآن حکیم کی جامعیت اور لازوال حکمت اسے انسانی ساختہ نظاموں سے ممتاز کرتی ہے۔ قرآن حکیم ایک زندہ کتا ب ہے جس کی حکمت کبھی نہ ختم ہونے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن حکیم تخلیقِ کائنات کے اسرار ظاہر کرنے والا نسخہ ہے، اسکی قوت سے ناپائیدار بھی پائیدار ہو جاتے ہیں۔ قرآن مجید کے الفاظ میں نہ شک ہے اور نہ وہ تبدیل ہو سکتے ہیں اسکی آیات واضح ہیں۔

تبصرہ