عوام کو حقوق کا شعور دلانا ہمارا مشن ہے: احمد نواز انجم

غربت کی بجائے غریب ختم کرنے کی عوام کش پالیسی کو فی الفور ختم کیا جائے
احمد نواز انجم کی تحریک منہاج القرآن پنجاب کی مجلس عاملہ کے اہم اجلاس سے گفتگو

تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ احمد نواز انجم نے کہا ہے کہ مہنگائی، غربت اور لوڈ شیڈنگ عوام پر عذاب بن کر مسلط ہیں۔ حکومت کی طرف سے غربت کے خاتمہ کے لئے کوئی ٹھوس منصوبہ بندی سامنے نہیں آئی۔ غربت کی بجائے غریب ختم کرنے کی عوام کش پالیسی کو فی الفور ختم کیا جائے اور حکومت اپنے اضافی اخراجات کو کم کر کے عوام کو ریلیف دے۔ ملک میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ گذشتہ روز تحریک منہاج القرآن پنجاب کی مجلس عامہ کے اہم اجلاس سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر توقیر گیلانی اور بشیر لودھی بھی موجود تھے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مزدوروں کی تنخواہوں میں مزید اضافہ کیا جائے ان کو طبی اور فنی سہولتیں دی جائیں۔ عوام کو حقیقی ریلیف اس وقت نصیب ہو گا جب نظام تبدیل ہو گا۔ موجودہ نظام نے غربت کی بجائے غریب کا خاتمہ کر دیا ہے۔ انہوں نے خواتین پر تشدد کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے نظام کی ضرورت ہے جس میں خواتین کو تحفظ حاصل ہو اورعوام کی فلاح و بہبود ہو اور انسانی اقدار پروان چڑھیں۔

احمد نواز انجم نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن استحصالی نظام کے خاتمے کے لئے جدوجہد کر رہی ہے جس سے انسانیت کی تذلیل ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو حقوق کا شعور دلانا ہمارا مشن ہے۔ عوام کو اپنے حقوق کا پتہ نہیں اور نہ ہی انہیں حاصل کرنے کا شعور ہے۔ اسلئے ہم پسے ہوئے طبقے میں تعلیم حاصل کرنے کا جذبہ بیدار کر رہے ہیں جہالت کے خاتمے کے بغیر کسی مثبت تبدیلی کی توقع نہیں کی جا سکتی۔

تبصرہ