اہل اور باکردار افراد پر مشتمل قومی حکومت کا قیام ناگزیر ہو چکا۔ جی ایم ملک

بجلی کی لوڈ شیڈنگ، ملکی معیشت کی زبوں حالی اور اداروں میں ٹکرائو کی صورتحال موجودہ حکومت کی ناکامی ہے
پاکستان عوامی تحریک پنجاب کی ایگزیکٹو کونسل کے وفد سے گفتگو

پاکستان عوامی تحریک کے چیف کوآرڈینیٹر جی ایم ملک نے کہا ہے کہ قومی حکومت کا قیام ہی قوم کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتا ہے۔ موجودہ نظام کے تحت ہونے والے الیکشن کی رسم اداروں کو مزید کمزور کر کے ملک کو تباہی کے گڑھے میں دھکیل دے گی۔ ملکی معیشت قرض کی بیساکھیوں پر کھڑی ہے اس کو سنبھالا دینے کیلئے اہل اور باکردار افراد پر مشتمل قومی حکومت کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے۔ وہ گذشتہ روزپاکستان عوامی تحریک پنجاب کی ایگزیکٹو کونسل کے اراکین سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر لہراسب خان گوندل، ایم ایچ شاہین، زاہد جاوید اور دیگر قائدین موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ CNG اوربجلی کی لوڈ شیڈنگ، نرخوں میں آئے روز کی زیادتی، ملکی معیشت کی زبوں حالی اور اداروں میں ٹکرائو کی صورتحال موجودہ حکومت کی ناکامی ہے اس لئے تین سے پانچ سال کیلئے قومی حکومت تشکیل دی جائے جو نظام انتخاب، معیشت، توانائی، مہنگائی، بیروزگاری اور احتساب سمیت دیگر ملکی مسائل کے حل کیلئے ٹھوس کام کر ے۔ ملک کادائمی طور پر حقیقی جمہوریت کی پٹڑی پر چڑھنا اسی صورت ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ انتخابی نظام کے ہوتے ہوئے کسی خیر کی توقع نہیں اس لئے عوام اس کے خلاف ہونیوالی بیداری شعور کی جدوجہد میں شامل ہو جائیں۔

تبصرہ