کوئٹہ کے بعد کراچی میں جاری ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ رحیق عباسی

پولیس اور رینجرز کے اختیارات کو بڑھا کر انہیں بلا استثنیٰ کارروائی کا اختیار دینا ہو گا
وفاقی اور صوبائی حکومتیں مصلحتوں سے بالا ہو کر غیر لچکدار پالیسی بنائیں

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے بعد کراچی میں جاری ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ یہ موجودہ ظالمانہ نظام انتخاب کا شاخسانہ ہے جس میں کسی کی جان مال اور عزت محفوظ نہیں ہے۔ فائرنگ اور بوری بند لاشوں کا کلچر عام کرنے والے کسی رعائت کے مستحق نہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مصلحتوں سے بالا ہو کر انسانی جانوں سے کھیلنے والے سفاک درندوں کے خلاف ٹھوس کارروائی کرنا ہو گی اور انہیں عبر ت کا نشان بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور کوئٹہ کے امن کو سبو تاژ کر کے لہو بہانے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔ لاشوں کی سیاست نے ملک کو معاشی طور پر دیوالیہ کر دیا ہے۔ سرمایہ کاری کا عمل شدید متاثر ہو رہا ہے جس سے بیروزگاری اور مہنگائی کا طوفان اٹھ رہا ہے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ پولیس اور رینجرز کے اختیارات کو بڑھا کر انہیں بلا استثنیٰ کارروائی کا اختیار دینا ہو گا۔ سندھ، بلوچستان میں خصوصاً قانون نافذ کرنے والے اداروں کا بجٹ بڑھا کر انہیں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا ہو گا۔ غیر قانونی اسلحہ کے خاتمہ کیلئے جنگی بنیادوں پر مہم شروع کرنا ہو گی۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مصلحتوں سے بالا ہو کر غیر لچکدار پالیسی بنائیں تو تین ماہ کے اندر متاثرہ علاقوں سے ناجائز اسلحہ ختم کیا جا سکتا ہے اس کیلئے جہاں ضرورت پڑے فوج کی مدد لی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اعلیٰ عدلیہ ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے فوری طور پر اپنا کردار ادا کرتے ہوئے حکومت اور اداروں کو اس کے خاتمے کی ڈیڈ لائن دے۔

تبصرہ