سیاسی پارٹیاں ملک و قوم کے مفادات کیلئے منشور کی سیاست سے کوسوں دور ہیں
تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ آج کا پاکستان علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ و قائداعظم رحمۃ اللہ علیہ کے افکارات سے انحراف کی ایسی تصویر پیش کر رہا ہے جس میں خوشحالی، ترقی اور وقار کا کوئی رنگ دکھائی نہیں دیتا۔ شخصیات طاقت ور ہیں اور ادارے ایک دوسرے کے مقابل کھڑے اپنے وجود کے کھوکھلے پن کا احساس دلا رہے ہیں۔ سیاسی پارٹیاں ملک و قوم کے مفادات کیلئے منشور کی سیاست سے کوسوں دور ہیں۔ ذاتی مفادات، لوٹ کھسوٹ اور کرپشن کو تحفظ دینے والا انتخابی نظام عوام کی خوشحالی اور ملکی وقار اورترقی کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے۔ وہ گذشتہ روز قرارداد پاکستان کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر تجمل حسین انقلابی، جی ایم ملک، جواد حامد، طیب ضیاء اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ انتخابی نظام کے تحت انتخابات کی رسم سے کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ عوام عہد کریں کہ آج کے دن اقبال رحمۃ اللہ علیہ اور قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کے اصولوں سے انحراف کرنے والے موجودہ انتخابی نظام اور اس کے محافظوں کے خلاف تحریک منہاج القرآن کی بیداری شعور مہم میں شامل ہو کر ایک ایسی عوامی حکومت کی بنیاد رکھیں گے جو قرارداد پاکستان کو اس کی حقیقی روح کے ساتھ نافذ کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے اصل دشمن کو پہچانیں جو موجودہ انتخابی نظام کی صورت میں ان کے حقوق کو ایک عفریت کی صورت میں ہڑپ کرنے کیلئے ایک دفعہ پھر تیار ہے۔ اگر اس نظام کے خلاف منظم جدوجہد نہ کی گئی تو حقیقی پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہو سکے گا۔ اس لئے پاکستان کے طلباء اور نوجوانوں کو وہی کرداردہراناہو گا جو تحریک پاکستان کے وقت تھا۔
تبصرہ