یہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا معجزہ ہے کہ سخت سردی اور بارش میں کھلے آسمان تلے
لاکھوں افراد نے میلاد مصطفی (ص) کی خوشی منائی
تحریک منہاج القرآن عالمی سطح پر فروغ عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سب سے بڑا
اور معتبر حوالہ ہے۔ ڈاکٹر اسامہ محمدالعبد
شدید سردی اور تیز بارش کے باوجود لاکھوں عشاق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عالم
اسلام کی سب سے بڑی میلا د کانفرنس میں شرکت
تحریک منہاج القرآن کے تحت دنیائے اسلام کی سب سے بڑی 28 ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس 12 ربیع الاول (اتوار) کی صبح نماز فجر تک جارہی رہی۔ شدید سردی اور وقفے وقفے سے ہونے والی تیز بارش کے باوجود خواتین، بچے اور مرد لاکھوں کی تعداد میں مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ذوق و شوق کے ساتھ جم کر بیٹھے رہے۔ امسال یہ کانفرنس اس لحاظ سے تاریخی بن گئی کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے والہانہ عشق کا اظہار کھلے آسمان تلے شدید سردی اور تیز بارش میں بھی جاری رکھا گیا اور پوری دنیا کو یہ کھلا پیغام دیا گیا کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت اور عشق مسلمانوں کی سب سے بڑی متاع ہے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری رات 1:30 بجے ویڈیو خطاب کیلئے بڑی LED سکرینز پرنظر آئے تو لاکھوں افراد نے انکا کھڑے ہو کر استقبال کیا۔ عالمی میلاد کانفرنس کے مہمان خصوصی الازہر یونیورسٹی مصر کے وائس چانسلر ڈاکٹر اسامہ محمدالعبد تھے جبکہ امیر تحریک فیض الرحمن درانی، ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، آغا مرتضیٰ پویا، پیر خلیل الرحمن چشتی، علی غضنفر کراروی، پیر نفیس الحسن شاہ اور علماء کرام و پیران عظام کی کثیر تعداد بھی سٹیج پر موجود تھی۔ میلاد کانفرنس میں مسیحی، سکھ، ہندو اور دیگر غیر مسلم رہنماؤں نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگو! مینار پاکستان شدید سردی اور موسلا دھار بارش کے باوجود لاکھوں عشاق کو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کی خوشی میں پوری رات وجد انگیز کیفیت میں جم کر بیٹھنے کا گواہ بن کر یقینا اپنے مقدر پر رشک کررہا ہے۔ یہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا معجزہ ہے کہ سخت سردی اور بارش میں کھلے آسمان تلے لاکھوں افراد نے میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشی منائی اور دنیا کو یہ پیغام دیا کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت ان کی سب سے بڑی متاع ہے اور اس کیلئے وہ کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خوشی کروڑوں عیدوں سے بڑھ کر ہے۔ اللہ رب العزت نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو سلطان کائنات کا مرتبہ عطا کیا ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو یہ فضیلت ہے کہ صرف ان کیلئے دیگر انبیاء کی بیعت لی گئی۔ تورات، زبور، انجیل اور دیگر آسمانی کتابوں میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان کے تذکرے موجود ہیں۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم صرف انسانوں کے نہیں بلکہ جانوروں، چرند، پرند حتی کہ نباتات سمیت دیگر تمام مخلوقات کے رسول ہیں۔ میلاد حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے محبت اور عشق پیدا کرتا ہے اور جب ذات سے محبت ہوجائے تو اتباع اور تعلیمات پر عمل آسان ہو جاتا ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کرنے والا انسان تنگ نظر، دہشت گرد اور انتہا پسند نہیں ہوسکتا۔ معاشرے سے بے سکونی، مادیت، لوٹ مار، حق تلفی انتہا پسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ٹوٹ کر محبت کرنے سے ممکن ہوگا، محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم باطن کی دنیا کو بدل دیتی ہے، باطن میں سلامتی، خیر اور نور آجائے تو وہ شخص پوری انسانیت کیلئے باعث سلامتی بن جاتا ہے۔ اس کے کسی بھی فعل سے دوسرے انسانوں کو نقصان نہیں پہنچتا بلکہ اس کے ہر عمل سے غیرارادی طور پر بھی دوسروں کیلئے بھلائی اور فلاح کے کام سر انجام پاتے ہیں۔ اہل پاکستان خوش نصیب ہیں جو ہر سال عالم اسلام کی سب سے بڑی میلاد کانفرنس کا شرف انہیں نصیب ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دو ماہ تک پورے ملک میں جشن میلاد کی لاکھوں محافل سجائی جائیں۔ اللہ کو خوش کرنے کی اس سے بڑی سبیل اور کوئی نہیں ہے۔ پاکستانی اپنے احوال بدلنا چاہتے ہیں تو گلی گلی قریہ قریہ محافل کا انعقاد کریں۔
وائس چانسلر جامعۃ الازہرڈاکٹر اسامہ محمدالعبد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اتنی بڑی، خوبصورت، منظم اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عشق سے معمور محفل میلاد میں نے زندگی میں نہیں دیکھی۔ شدید بارش اور سخت ترین سردی میں اہل پاکستان کی لاکھوں کی تعداد میں شرکت اور استقامت پر میں پاکستانی قوم کو خصوصی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اہل پاکستان اللہ کا شکر ادا کریں کہ انہیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری جیسی ہستی میسر ہے جن کی تحریک منہاج القرآن ہر سال اتنی بڑی سطح پر میلاد کانفرنس کا اہتمام کرتی ہے۔ تحریک منہاج القرآن عالمی سطح پر فروغ عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سب سے بڑا اور معتبر حوالہ ہے اور بلا شبہ یہ کانفرنس عالم اسلام کی نمائندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت اور عشق ہر امتی کا قیمتی ترین اثاثہ ہے۔
عالمی میلاد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہاکہ شدید سردی اور موسلا دھار بارش میں لاکھوں افراد نے شرکت کر کے ثابت کردیا ہے کہ پاکستان عشاق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سرزمین ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کی عالمی میلاد کانفرنس دہشت گردی، بدامنی، افراتفری اور مادیت کے گُھٹے ہوئے ماحول میں پیغام امن و سلامتی ہے۔ تحریک منہاج القرآن عالمی سطح پر عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کی ساری زندگی عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فروغ سے عبارت ہے۔
تبصرہ