حکومت فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان واپس لے

پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام پر قیامت بن کر ٹوٹتا ہے۔ فیض الرحمن درانی

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر فیض الرحمن درانی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اضافہ عوام دشمنی اور سراسر ظلم ہے۔ حکومت فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان واپس لے اور مظلوم عوام پر مہنگائی کا مزید بوجھ نہ ڈالے۔ حکومت غریبوں کو ریلیف دینے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ فیض الرحمن درانی نے کہا کہ ہر دس دن بعد پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام پر قیامت بن کر ٹوٹتا ہے۔ اس وقت غربت ہمارے ملک کا سب سے بڑا اور بنیادی مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدامات اس وقت رونما ہوتے ہیں جب غربت حد سے بڑھ جائے اور لوگوں کا زندہ رہنا مشکل ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔ آٹا، گھی، چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں جبکہ بجلی اور گیس کے بلوں نے تو غریبوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے اور حکمرانوں نے پٹرول بم گرا کر معصوم عوام سے جینے کی آخری امید بھی چھیننے کی کوشش کی ہے۔ حکومت کی ذمہ داری عام آدمی کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر ڈالنا ہے نہ کہ اسے گرانی، بد امنی اور بے روز گاری کی بند گلی میں دھکیلنا۔

تبصرہ