تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں استقبال ربیع الاول کے خصوصی پروگرام کرے گی۔ رحیق عباسی

تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں استقبال ربیع الاول کے خصوصی پروگرام کرے گی جسکا مقصد سرور کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ امت کے حبی، قلبی اور عشقی تعلق کو مضبوط کرنا ہے۔ ذات محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلق کی پختگی ایمان کا جزوِ لایُنفَک ہے۔ اتباع رسول وہ متاع ہے جو دنیا اور آخرت میں کامیابیوں سے ہمکنار کرتی ہے۔ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن اور ملک بھر میں ضیافت میلاد کا آغاز یکم ربیع الاول سے ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے میلاد مہم کی انتظامی کمیٹیوں کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سالانہ عالمی میلاد کانفرنس کیلئے بنائی گئی مرکزی کمیٹی کے سیکرٹری جواد حامد نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 60 انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں جو اپنی رپورٹس سربراہ میلاد مہم و سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض کو یکم ربیع الاول کو پیش کریں گی۔ ملک کے 9 بڑے شہروں میں ماہ ربیع الاول شریف میں میلاد مارچ ہوں گے جبکہ میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے 3 روڈ کارواں لاہور سے روانہ ہو چکے ہیں۔ سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض لاہور سے براستہ فیصل آباد لیہ جانے والے کارواں کی قیادت کر رہے ہیں جبکہ امیر پنجاب احمد نواز انجم کی قیادت میں روڈ کارواں مظفرگڑھ اور ناظم تنظیمات ساجد محمود بھٹی کی قیادت میں ہری پور کیلئے روانہ ہے۔

تبصرہ